Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عازمین حج کا امیگریشن اپنے ملک میں ہو گا،محکمہ پاسپورٹ

ملائیشیا سے آنیوالے عازمین کو مملکت آنے سے قبل امیگریشن کی سہولت فراہم کی گئی، فنگر پرنٹس اور دیگر معاملات کوالالمپور میں نمٹا دئیے گئے
جدہ( ارسلان ہاشمی ) ڈائریکٹر یٹ جنرل جوازات کے ترجمان نے کہا ہے کہ مملکت کے وژن 2030 کے پیش نظر عازمین حج کے امیگریشن معاملات کو آسان بنانے کےلئے بیرون مملکت خصوصی انتظامات کئے جار ہے ہیں ۔ تجرباتی طور پر ملائیشیا سے آنےوالے عازمین کو سہولت مملکت آمد سے قبل امیگریشن کی سہولت فراہم کی گئی ۔ امیگریشن کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے ترجمان جوازات نے کہا کہ عازمین کے امیگریشن معاملات کو تیز ترکرنے کےلئے انکے ممالک میں ہی عازمین حج کے فنگر پرنٹس اور دیگر معاملات نمٹا دیئے جاتے ہیں ۔ ابتدائی طور پر کولالمپور سے آنے والے عازمین کو انکے ملک میں ہی امیگریشن خدمات فراہم کردی گئیں ۔ ملائیشیا سے آنے والے پہلے قافلے کا استقبال ڈائریکٹر جنرل جوازات بریگیڈئر جنرل سلیمان الیحییٰ نے کیا ۔ کوالالمپور سے آنے والے عازمین کو جنہیں امیگریشن کی سہولت مملکت آنے سے قبل ہی انکے ملک میں فراہم کی جاچکی تھی جب وہ مملکت پہنچے تو انہیں فوری طور پر ایئر پورٹ کے لاﺅنج سے نکال کر بسوں میں پہنچا دیا گیا ۔ ڈائریکٹر جنرل جوازات کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اس امر کو یقینی بنایا جارہا ہے کہ عازمین کو ہر قسم کی بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں اور انکے امیگریشن کے معاملات جلد از جلد نمٹائیں جائیں۔ واضح رہے جوازات کی جانب سے امیگریشن کے معاملات کو بہتر بنانے کےلئے تجرباتی طور پر ملائیشیا کے عازمین کو یہ سہولت فراہم کی جارہی ہے بعدازاں دیگر ممالک کے عازمین کو بھی انکے ممالک میں ہی یہ سہولت فراہم کی جائیگی ۔ 

شیئر: