اسلام آباد ....صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ قانون کے احترام اور اصول پسندی سے کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کیلئے اختلافات بھلا کر ایک دوسرے کے دست و بازو بن جائیں۔ جشن آزادی کے موقع پر کنونشن سینٹر اسلام آباد میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ہوئی۔ صدر مملکت نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں صدر نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں جوش پر ہوش غالب نہ آیا تو اقتصادی ترقی کا خواب پورا نہیں ہوسکے گا۔ رنجشو ںپر قابو پاکر قومی مفاد میں آئینِ پاکستان پر متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک، چین تعلقات خطے میں امن و استحکام کی ضمانت ہیں۔ صدر نے یوم آزادی کی تقریب میں چینی نائب وزیراعظم کی شرکت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور چین اہم عالمی امور پر یکساں موقف اور نظر رکھتے ہیں۔