سعودی حکومت نے ضیوف الرحمن کیلئے عظیم الشان منصوبے نافذ کئے ہیں
مدینہ منورہ(یوسف بلوچ) پاکستانی حج مشن کے سربراہ ڈاکٹر ساجد یوسفانی نے بتایا ہے کہ مدینہ منورہ میں مسجد نبوی شریف کے اطراف 47500عازمین کو ٹھہرایا گیا ہے۔ مرکزی علاقے سے دور 3800پاکستانی عازمین کو رہائش مہیا کی گئی ہے۔ ایسا اس لئے کیا گیا کیونکہ مسجد نبوی کے اطراف رہائش حاصل کرنا مشکل ہوگیا تھا۔ تمام حج مشن اپنے عازمین کیلئے مسجد نبوی کے اطراف عمارتیں حاصل کرنے کیلئے ایک دوسرے پر سبقت لیجانے کی کوشش کرتے رہے۔ ڈاکٹر ساجد یوسفانی نے اردونیوزسے گفتگو میں کہا کہ پاکستانی حج مشن ہموطنوں کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے جملہ وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔ 24گھنٹے خدمت کی جارہی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ سعودی حکومت ارض مقدس آمد سے لیکر روانگی تک ضیوف الرحمن کی خدمت تن من دھن سے کررہی ہے۔ مملکت نے مشاعر مقدسہ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عازمین کیلئے عظیم الشان منصوبے نافذ کئے ہیں۔