Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصباح ، یونس اورآفریدی کیلئے پی سی بی کی الوداعی تقریب

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے با لآخر3سابق کپتانوں مصباح الحق ، یونس خان اور شاہد آفریدی کے اعزاز میں الوداعی تقریب کے انعقاد کا اعلان کر دیا۔ پی سی بی کے نومنتخب چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ بورڈ آئندہ ماہ 3 سابق کپتانوں کے اعزاز میں تقریب منعقد کرے گا۔انہوں نے بتایا کہ سابق کپتان مصباح الحق، رسابق کپتان اورریکارڈ ساز بیٹسمین یونس خان اور سابق کپتان شاہد آفریدی کو ایوارڈ ز پیش کرنے کےلئے خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی، یونس خان اور مصباح الحق نے طویل عرصے تک پاکستان کرکٹ کی خدمت کی اور وہ قدردانی کے مستحق ہیں۔ تقریب میں ڈومیسٹک سطح پر بہترین کارکردگی دکھانے والوں کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے کھلاڑیوں اور امپائرز کو بھی ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔خیال رہے کہ آج پی سی بی، بورڈ کے سبکدوش چیئرمین شہریار خان کےلئے الوداعی تقریب کی میزبانی بھی کرے گا۔ پی سی بی کے سابق چیئرمین شہریار خان نے کہا تھا کہ مصباح الحق اور یونس خان کی مشاورت سے اس بات کا فیصلہ کیا جائے گا کہ ریٹائرمنٹ لینے والے ان دونوں کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو مستقبل میں کس طرح بروئے کار لایا جائے۔ ان کہنا تھا کہ مصباح الحق کے حوالے سے ان کے پاس 3 پلان ہیں، پہلا پی سی بی اور پاکستان کرکٹ میں براڈکاسٹر کا، دوسراا ٓئی سی سی میچ ریفری بنانے کا اور تیسرا پی سی بی میں کوئی عہدہ دینے کا ۔ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان راہو ل دراوڑ کی ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں انڈر 19کرکٹ ٹیم کی ذمہ داریاں سونپی تھیں۔ اس حوالے سے شہریار خان کا کہنا تھا کہ بورڈ مصباح اور یونس کےلئے بھی اسی سمت میں سوچ رہا ہے۔ دوسری جانب شاہد آفریدی نے اپنے کیریئر کے بہترین انداز میں اختتام کے لئے خود الوداعی میچ کی خواہش کا اظہار کیا تھا لیکن پی سی بی نے اس پر توجہ نہیں دی ۔ بعد ازاں رواں برس اپریل میں بورڈ ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے پر تعینات موجودہ پی سی بی سربراہ نجم سیٹھی نے شاہد آفریدی کو الوداعی میچ کی پیشکش کی تھی جسے آفریدی نے ٹھکرا دیا تھا۔

شیئر: