اقوام متحدہ ۔۔۔۔۔ امریکا نے ایران کے متنازع میزائل پروگرام، دہشت گردی کی حمایت اور انسانی حقوق کی پامالیوں پراسے ایک بار پھر شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ایران کو میزائل تجربات، دہشت گردی کی معاونت، انسانی حقوق کی پامالیوں اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزیوں کی ذمہ داری قبول کرنا ہوگی۔انہوں نے یہ بات صدر حسن روحانی کے اس بیان کے جواب میں کہی جس میں ایرانی صدر نے دھمکی دی تھی کہ اگر امریکا نے ایران پر مزید پابندیاں عاید کیں تو وہ عالمی طاقتوں کے ساتھ جوہری پروگرام پر طے پایا معاہدہ توڑ دے گا۔ایرانی صدر کے اس بیان کے رد عمل میں نکی ہیلی نے کہا کہ ایران جوہری معاہدے کو استعمال کرکے دنیا کو یرغمال نہیں بنا سکتا۔ جوہری معاہدہ بڑی ناکام نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران کے خلاف امریکا کی نئی پابندیوں کا جوہری معاہدے سے کوئی تعلق نہیں۔