حادثے کے بعد شوٹنگ منسوخ،فلم آئندہ سال جون میں ریلیز ہو گی
ہالی وڈ کی آنے والی ایکشن فلم” ڈیڈ پول 2“ کی شوٹنگ کے دوران خطرناک اسٹنٹ کرتے ہوئے لڑکی ہلاک ہوگئی۔ڈیڈ پول کی شوٹنگ کئی ہفتوں سے جاری تھی تاہم حادثے کے بعد اسے فوری طور پر منسوخ کردیا گیا۔یہ فلم 2016 میں آنے والی فلم ڈیڈ پول کا سیکوئل ہے جس میں سپر ہیرو کا کردار ریان رونلڈس ادا کر رہے ہیں جبکہ ہیروئن کا کردار زیزی بیٹز نبھائیں گی۔ذرائع کے مطابق زیزی بیٹزکے کردار کے لئے کثیر منزلہ عمارت پر موٹر سائیکل کے ذریعے اسٹنٹ کرنے والی پروفیشنل اسٹنٹ گرل ” جوئے ہیرس“ ، ”جے ایچ“حادثے کے باعث شدید زخمی ہوگئی اور بعد ازاں چل بسی۔فلم کی شوٹنگ کینیڈا کی ریاست برٹش کولمبیا کے شہر وینکوور میں جاری تھی۔” جوئے ہیرس“ پہلے بھی کئی خطرناک اسٹنٹ کر چکی تھی۔جے ایچ ایک کثیر منزلہ عمارت پر تیز رفتاری سے موٹر سائیکل چلانے کا اسٹنٹ کر رہی تھیں کہ وہ موٹر سائیکل پر اپنی گرفت برقرار نہ رکھ سکیں اور موٹر سائیکل عمارت سے ہوا میں لہراتی ہوئی زمین پر آ گری۔فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ہلاک ہونے والی لڑکی کی موٹر سائیکل عمارت کی کون سی منزل سے گری۔ عینی شاہدین کے مطابق انہوں نے موٹر سائیکل کو عمارت سے گرتے دیکھا۔انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل ہوا میں تیزی سے لہراتی آکر گلی میں ایک کافی شاپ کی شیشوں کی دیوار سے جا ٹکرائی اور لڑکی پر شیشے کا ملبہ آگرا۔ ” جوئے ہیرس“کی موت کے باعث ”ڈیڈ پول 2“ کی شوٹنگ منسوخ کردی گئی۔ اسٹنٹ گرل کی ہلاکت پر فلم کی ٹیم اور ریان رونلڈس نے افسوس کا اظہار کیاہے۔یہ فلم آئندہ برس جون میں ریلیز کی جائے گی۔