ٹیکم گڑھ۔۔۔۔مدھیہ پردیش کے وزیر صحت رستم سنگھ جو ٹیکم گڑھ ضلع اسپتال کے انچارج ہیں وہاں کے تمام 34ڈاکٹرو ں نے استعفیٰ دیدیا جس سے اسپتال اورصحت کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا۔چیف میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر (سی ایم ایچ او) ڈاکٹر ورشا رائے نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اسپتال کے تمام 34ڈاکٹروں کے استعفے موصول ہوئے ہیں ۔ ڈاکٹروں کے استعفے سے مریض علاج کیلئے بھٹک رہے ہیں ۔ واضح رہے کہ 300بستروں پر مشتمل اس اسپتال میں روزانہ تقریباًڈیڑھ ہزار مریض علاج کیلئے آتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق 16اگست کو بعض غیر سماجی عناصر نے اسپتال کے احاطے میں گھس کر 2ڈاکٹروں کے ساتھ گالم گلوج اور مارپیٹ کی تھی جس کی شکایت پولیس میں درج کرانے کے ساتھ کلکٹر کو میمورنڈم بھی دیا تھا ۔ اسکے بعد ملزمان کے خلاف کوئی کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے اسپتال کے تمام ڈاکٹروں نے اپنے استعفے سونپ دیئے۔