لاہور: ایشین ہاکی فیڈریشن نے ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ 2017ء کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹورنامنٹ 11 سے 22 اکتوبر تک بنگلہ دیش کے شہر ڈھاکا میں کھیلا جائے گا جس کےلئے ٹیموں کو2پول میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پول اے میں پاکستان، ہند، جاپان اور بنگلہ دیش شامل ہیں جبکہ پول بی میں ملائیشیا، جنوبی کوریا، چین اور عمان کو رکھا گیا ہے۔ پول اے میں روایتی حریف پاکستان اور ہند کا مقابلہ 15 اکتوبر کو ہو گا۔شیڈول کے مطابق 11 اکتوبر کو پہلا میچ ہند اور جاپان جبکہ اسی روز دوسرا میچ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائیگا۔ 12 اکتوبر کو پہلا میچ ملائیشیا اور چین، دوسرا میچ جنوبی کوریا اور عمان، 13 اکتوبر کو پہلا میچ جاپان اور پاکستان، دوسرا میچ ہند اور بنگلہ دیش، 14 اکتوبر کو پہلا میچ چین اور عمان، دوسرا میچ جنوبی کوریا اور ملائیشیا، 15 اکتوبر کو پہلا میچ جاپان اور بنگلہ دیش جبکہ دوسرا میچ روایتی حریف پاکستان اور ہند کے درمیان کھیلا جائے گا۔ 16 اکتوبر کو پہلا میچ ملائیشیا اور عمان، دوسرا میچ چین اور جنوبی کوریا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ 18 سے 21 اکتوبر تک سپر فور سمیت مختلف پوزیشنز کے میچز کے بعد 22 اکتوبر کو ٹورنامنٹ کا فائنل میچ کھیلا جائیگا۔