مہمان خصوصی ڈاکٹر فرحت نعیم اور ایڈمنسٹریٹر صدیق سلطان نے پاکستانی شناخت اجاگر کی
جدہ(ندیم ذکاءالحسن) پنجاب یونیورسٹی سے الحاق شدہ الشرق کالج جدہ کے کیمپس میںپاکستان کے70ویں جشن آزادی کے حوالے سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ ایڈمنسٹریٹر محمد صدیق سلطان اور ایڈمن منیجر ماجد القحطانی نے مہمان خصوصی پاکستان انٹرنیشنل اسکول جدہ کی وائس پرنسپل ڈاکٹر فرحت نعیم کا استقبال کیا۔ الشرق کالج جدہ کے اس کیمپس میں پاکستانی طالبات کیلئے انٹرمیڈیٹ کے بعد گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ تعلیم کی سہولت دی گئی ہے۔یہ سہولت صرف پاکستانی کمیونٹی کیلئے ہے۔ اس کیمپس سے گزشتہ برسوں 2بیجز پاس آﺅٹ ہو چکے ہیں جس کی ڈگریوں کی تقسیم کیلئے پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر آچکے ہیں۔ جشن پاکستان کی اس تقریب کو کالج کوارڈینیٹرمس ناصیحہ زبین نے خوبصورت انداز میں آرگنائز کیا ۔تقریب کے آغاز پر سبز ہلالی پرچم لہرا کر قومی ترانہ پڑھا گیا۔ ماجد القحطانی نے سعودی پاک فرینڈشپ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالی۔ صدیق سلطان نے ان کے جذبات کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا ،پاکستان کی سالمیت اور ترقی میں سعودی کردار کی تعریف کی اور آئندہ مزید ترقی کی طرف جانے کے عزائم کے ساتھ ماجد القحطانی کی اس پذیرائی پر اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی ڈاکٹر فرحت نعیم نے کیمپس کے نئے آڈیٹوریم کا افتتاح بھی کیا۔ ڈاکٹر فرحت نے اپنے خطاب میں طالبات کو آزادی پاکستان کیلئے خواتین کے کردار،ان کی قربانیوں اور اس کی اہمیت کا احساس دلایا۔ طالبات کے جذبہ حب الوطنی کو سراہتے ہوئے انہیں آئندہ زندگی میں کامیابی کے ساتھ ساتھ پاکستان کی خدمت کادرس دیا اور بانیان پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ طالبات نے خوبصورت انداز سے ملی نغمے پیش کئے جس میں "دل دل پاکستان ، جان جان پاکستان"اور "اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں ، ہم ایک ہیں" سنایا جسے خوب سراہا گیا۔ تقریب کے اختتام پر جشن پاکستان کے حوالے سے کیک کاٹا گیا۔