Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈیرہ سچا سودا چیف کیخلاف زیادتی کیس کا فیصلہ آج

    چندی گڑھ------ ڈیرہ سچا سودا  کے چیف گورمیت رام  کیخلاف زیادتی کیس کا فیصلہ آج ہریانہ کے ہل اسٹیشن پنچکولہ کی عدالت سنائیگی لیکن اس سے قبل ہی جمعرات کو بابا گورمیت رام کے لاکھوں پیروکار پنچکولہ پہنچ گئے جہاں وہ بابا کی حمایت میں عدالتی فیصلے کی مخالفت کر سکتے ہیں۔ پنجاب و ہریانہ ہائیکورٹ نے ریاست ہریانہ اور مرکز کی حکومتوں سے کہا ہے کہ وہ صورتحال پر نگاہ رکھیں اور ایسا کوئی ماحول پیدا نہ ہو جس سے تشدد کے واقعات رونما ہوں۔ ہائیکورٹ نے واضح طور سے کہہ دیا ہے کہ فیصلہ سنانے سے قبل یا بعد میں ریاست میں جاٹوں کی ریزرویشن کی تحریک جیسا پرتشدد واقعہ پیش نہیں آنا چاہئے۔ مرکز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ریاستی حکومت کی مدد کیلئے مزید سیکیورٹی فورسز تعینات کرے۔ ہائیکورٹ نے یہ بھی واضح کر دیا ہے کہ اگر مرکز اس معاملے میں ریاست کی کوئی مدد نہیں کرتا تو پھر عدالت فوج طلب کرنے کے احکامات جاری کر سکتی ہے۔ دریں اثناء مرکز کی طرف سے جہاں ایک جانب سیکیورٹی فراہم کی جار ہی ہے وہاں ریاستی حکومت نے بھی پنچکولہ اور اسکے اطراف میں زبردست پولیس بندوبست کیا ہے۔ ایک اطلاع کے مطابق پنچکولہ میں بابا گورمیت رام کی حمایت میں تقریباً 15لاکھ پیروکار جمع ہو چکے ہیں اور جمعرات کو ان کی آمد کا سلسلہ جاری تھا۔ پولیس نے بھی سڑکوں اور چندی گڑھ سے پنچکولہ جانے والی شاہراہ پر موٹرسائیکل کے ذریعے اپنا گشت بڑھا دیا ہے جبکہ ضلع انتظامیہ نے ہریانہ اور چندی گڑھ میں انٹرنیٹ سروس بند کردی ہے۔ واضح رہے کہ جاٹ برادری نے تعلیمی اداروں اور سرکاری ملازمتوں میںریزرویشن کیلئے گزشتہ سال جس طرح کے پرتشدد واقعات انجام دیئے تھے ہائیکورٹ نے اس معاملے میں سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنچکولہ میں ایسی تاریخ  دہرائی نہیں جانی چاہئے۔ ہائیکورٹ نے بابا گورمیت کو بھی حکم دیا ہے کہ وہ بھی اپنے پیروکاروں کو پنچکولہ سے واپس جانے کی اپیل کریں۔ بابا گورمیت نے اس طرح کی کوئی اپیل تو نہیں کی لیکن جمعرات کو جاری اپنے ایک بیان میں اتنا ضرور کہا ہے کہ ہر طرح سے امن و امان برقرار رکھا جائے۔ ہریانہ کی بی جے پی حکومت نے بھی واضح طور سے یقین دلایا ہے کہ بابا گورمیت رام کیخلاف مقدمے کے فیصلے کی کچھ بھی نوعیت ہو لیکن امن و امان کو بحال رکھنے کیلئے سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

شیئر: