اسلامی فن، ثقافتی ورثے اور فنون پر مشتمل شاندار نمائشیں
نمائش میں مملکت کے علاوہ 30ممالک کے فنان کے فن پارے رکھے گئے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب میں اسلامی فن، ثقافتی ورثے یا جدید فنون میں دلچسپی رکھنے والوں کے لیے متعدد دلچسپ، منفرد اور قابل دید نمائشیں منعقد کی گئی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق مملکت کے بڑے شہروں میں نمایاں آرٹ ایونٹس کی تفصیلات دی جا ری کی گئی ہیں جو ثقافت اور روحانیت کے درمیان توازن قائم رکھنے والوں کے لیے بہترین مواقع فراہم کرتے ہیں۔
جدہ میں اسلامک آرٹس بینالے

جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مغربی حج ٹرمینل میں اسلامی آرٹ بینالے منعقد کیا گیا ہے۔
اس بینالے میں اسلامی تہذیب کے لازوال ورثے کو جدید فن کے ساتھ پیش کیا گیا ہے جس میں مملکت کے علاوہ دیگر 30ممالک کے فنان کے فن پارے رکھے گئے ہیں۔
معروف سعودی آرٹسٹ مھند شونو جدہ نمائش کے نگران ہیں ان کے ساتھ جوانا شیولیئر اور آمینہ دیاب بطور معاون کیوریٹرز اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
اسلامی فنون کے ورثے کی منفرد نمائش میں تاریخی نوادرات کے ساتھ ساتھ نیا آرٹ ورک بھی رکھا گیا ہے، جس میں مقدس نوادرات، قدیم نقشے اور زیورات شامل ہیں۔
پانچ اندرونی ہالز اور بیرونی مقامات میں سات مختلف حصوں پر مشتمل یہ نمائش25 مئی تک جاری رہے گی۔
ریاض میں آرٹ آف دی کنگڈم نمائش

ریاض کے جیکس آرٹ ڈسٹرکٹ میںجاری ’آرٹ آف دی کنگڈم’ نمائش سعودی عرب کی آرٹ سین میں بڑھتی ہوئی تخلیقی صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہے۔
نمائش میں17 ممتاز سعودی آرٹسٹوں کے فن پارے رکھے گئے ہیں، جو مختلف نسلوں، علاقوں اور آرٹ کے اسلوب کی نمائندگی کرتے ہیں۔
پینٹنگز، انسٹالیشنز اور ویڈیو آرٹ پر مشتمل یہ نمائش صحرا اور ثقافتی روایات کے دو اہم موضوعات کے گرد گھومتی ہے۔
گزشتہ سال برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں پیش کی جانے والی یہ نمائش ریاض میں 24 مئی تک جاری رہے گی اور اس کے بعد چین کے شنگھائی نیشنل میوزیم میں پیش کی جائے گی۔
ریاض کے ساموکا @ جیکس میں ’ایڈاپٹیبلٹی ایگزیبیشن‘

ریاض کے سعودی میوزیم میں منعقد ہونے والی موافقت سے متعلق اس نمائش میں انسان اور مٹی کے درمیان گہرے تعلق کو اجاگر کیا گیا ہے۔
یہ نمائش پانچ عرب ممالک کے گیارہ فنان کے فن پاروں پر مشتمل ہے اور کیوریٹر سامر یمانی کی نگرانی میں ترتیب دی گئی ہے۔
معروف سعودی آرٹسٹ سامر یمانی کا کہنا ہے ’یہ نمائش مٹی کی ازلی کہانی بیان کرتی ہے کیسے انسانوں نے اسے اپنی دنیا کو تشکیل دینے کے لیے استعمال کیا اور وقت کے ساتھ اس میں تبدیلیاں آتی گئیں۔
مالنفل پارک ریاض میں ’ایکووز آف لینڈ‘ نمائش

اطالوی سفارت خانے کے اشتراک سے ریاض میں زمین کی بازگشت’ایکووز آف لینڈ‘ کے نام سے مجسمہ سازی کی نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے، جس میں اطالوی آرٹسٹ ڈیوڈے ریوالٹا کے فن پارے رکھے گئے ہیں۔
نمائش میں چیتے، شیر اور بھینس کے علاوہ دیگر جنگلی جانوروں کے مجسمے رکھے گئے ہیں۔
روایت اور جدیدیت کی نمائش حافظ گیلری، جدہ

جدہ میں جاری دوسری اسلامی بینالے کے علاوہ ’روایت اور جدیدیت‘ کے عنوان سے ایک اور زبردست گروپ نمائش حافظ گیلری میں منعقد کی گئی ہے۔
یہ نمائش روایتی ثقافت اور جدید اظہار کے درمیان تعلق کو ظاہر کرتی ہے کہ سعودی آرٹ اور ثقافت کس طرح تبدیل ہو رہی ہے۔
حمود العطاوی،مہدی الجریبی،مشط سٹوڈیو،محمد الغامدی،ریم انصر،سلیمان السالم کے فن پاروں میں مشتمل یہ نمائش25 مارچ تک جاری رہے گی۔
