لندن .... کچن فوائل میں چیزیں رکھ کر روسٹ کی جاتی ہیں یا پھر اسے ٹرے پر سجایا جاتا ہے لیکن آپ المونیم فوائل سے چاندی کے زیورات بھی صاف کرسکتے ہیں۔ آپ کو صرف یہ کرنا ہوگا کہ گرم پانی میں ذرا سا سوڈا ملائیں اور پھر اس فوائل کو چاندی کی چیزیں پالش کرنے کیلئے استعمال کریں۔ اسکے علاوہ اسے کاٹ کر چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں اور درخت پر رکھ دیں۔ پرندے جو آپ کا فروٹ کھانے کیلئے بیٹھتے ہیں وہاں آنا ترک کردیں گے۔کپڑوں میں اگربہت زیادہ سلوٹیں ہوں اور استری سے بھی نہ جائیں تو اسے آپ کپڑے پر رکھ کر پھر استری کریں ،ساری سلوٹیں دور ہوجائیں گی۔ یہ ترکیب بڑی کامیاب ہے کیونکہ استری کرنے کے بعداس فوائل میں اتنی گرمی پیدا ہوگی کہ ساری سلوٹیں ختم ہوجائیں گی۔ بعض مرتبہ کسی بھی برتن میں رکھی ہوئی چینی سخت ہوجاتی ہے۔ اسے آپ اگر فوائل میں تہہ کرکے جار میں رکھ دیں تو چینی کبھی بھی سخت نہیں ہوگی۔ اگر آپکے پاس ڈشیں صاف کرنے کیلئے کپڑا نہ ہو تو اسے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ آپ فوائل کو ایک گیند کی شکل دے لیں اوراس سے اپنی پلیٹیں صاف کریں تو وہ چمک جائیں گی تاہم یہ خیال رہے کہ نان اسٹک پلیٹوں اور پتیلیوں پر اسکا استعمال نہ کریں۔ برتن رکھنے کے شیلف اکثر گندے ہوجاتے ہیں اور ا ن پر گرد بھی جم جاتی ہے۔ انہیں صاف کرنے کیلئے فوائل سے کام لیں۔ گھر میں فرنیچر ہٹانا انتہائی مشکل کام ہے لیکن اگر آپ فوائل کا استعمال کریں تو یہ کام آسان ہوجاتا ہے۔ آپ کو صرف یہ کرنا ہوگا کہ فرنیچر کے پائے کے نیچے فوائل کا چھوٹا سا ٹکڑا رکھ دیں اب آپ کو فرنیچر گھسیٹا سہل ہوجائیگاتاہم ایک چیز سے آپ کو خبردار رہنا ہوگا کہ یہ فرنیچر قالین پر رکھا ہو تو ہی اسکے پائے کے نیچے فوائل رکھ کر گھسیٹیں لیکن اگر فرنیچر فرش پر رکھا ہو تو ایسا نہ کریں کیونکہ اس سے فرش پر لکیریں پڑ سکتی ہیں۔