Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’’بابر کی اولادو!ہندوبن جاؤ یا پاکستان چلے جاؤ‘‘

بھوپال۔۔۔۔فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کرنے کی غرض سے شرپسند عناصر نے بی جے پی کی زیر قیادت ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع گنا کی ایک مسجد کے باہر پوسٹرچسپاں کئے۔ پوسٹر پر مسلمانوں کو دھمکیوں بھرے الفاظ درج ہیں۔ پوسٹر پر لکھا ہے ’’بابر کی اولادو! ہندو بن جاؤ یا پاکستان چلے جاؤ‘‘۔مذکورہ پوسٹر گزشتہ روز جامع مسجد کنٹونمنٹ اسٹیشن علاقے ضلع گونا میں لگایا گیا۔ اس پوسٹر میں مسلمانوں اور اسلام کیخلاف نفرت آمیز جملے تحریر ہیں۔ اس میں یہ بھی لکھا گیا ہے ’’اگر تم ہندوستان میں رہنا چاہتے ہو تو ہندوبن جاؤ ورنہ اگلی عید تمہارے خون سے منائی جائیگی‘‘۔یوگی اور مودی زندہ باد کے نعروں کے ساتھ لگائے گئے اس پوسٹر میں مسلمانوں کو ہندومذہب اختیار کرلینے کی دھمکیاں دی گئی ہیں اور کہا گیاہے کہ اگر ایسا نہیں کیا تو ’’پاکستان یا قبرستان چلے جاؤ‘‘۔ پوسٹرمیں آر ایس ایس ، وی ایچ پی ،  بجرنگ دل وغیرہ کے نام بھی تحریر ہیں۔ مصلیوں نے جب پوسٹر دیکھا تو علاقے میں خوف کا ماحول پیدا ہوگیا۔ بعد ازاں پولیس میں شکایت درج کرائی گئی ۔ واقعہ پر صدر مسلم سوسائٹی شفیق قریشی نے کہا کہ مسلمانوں میں خو ف کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے شرپسند عناصر کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

شیئر: