3طلاق کیخلاف درخواست دہندہ عشرت جہاں کا بائیکاٹ
کولکتہ۔۔۔۔ایک ہی مجلس میں 3طلاق کے وقوع کے خلاف درخواست دینے والی عشرت جہاں کی پریشانیاں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کم نہیں ہوئیں۔ اب کولکتہ میں عشرت جہاں کو سماجی بائیکاٹ کا سامنا ہے اور انہوں نے ممتا بنر جی سے سیکیورٹی کا مطالبہ کیا ہے۔عشرت جہاں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے کہا کہ میں نے 3طلاق کے خلاف آوارز بلند کی۔ اس کیلئے لڑائی لڑی اس لئے سماج کے لوگ مجھے گالیاں دے رہے ہیں۔ ان کی نظر میں میرا یہ اقدام غلط ہے تاہم میری لڑائی جاری رہے گی۔ عشرت جہاں کی پیروی کرنے والی سماجی کارکن نازیہ الٰہی خان نے کہا کہ 22اگست کو سپریم کورٹ کی 5 رکنی بنچ میں سے 2ججوں کے ایک مجلس میں 3طلاق کو غیر آئینی قراردینے کے بعد سے گھریلوخواتین نے ان کا بائیکاٹ شروع کردیا ہے اور انہیں ’’ہندوکی بیوی‘‘کہا جارہا ہے۔ نازیہ الٰہی نے کہا کہ تین طلاق پر سپریم کورٹ کے فیصلے سے ہمیں بیحدخوشی ہوئی۔