سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی نیابت کرتے ہوئے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ریو کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’دنیا کو تناؤ، عسکری تنازعات اور انسانی بحرانوں کا سامنا ہے جو دنیا کی پائیدار ترقی میں رکاوٹ ہے۔‘
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزیر خارجہ برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں جی 20 ممالک کی کانفرنس میں سعودی وفد کی قیادت کررہے ہیں۔
مزید پڑھیں
-
جی 20 سپیس اکانومی لیڈرز اجلاس میں سعودی عرب کی شرکت
Node ID: 878884
اجلاس سے خطاب میں شہزادہ فیصل بن فرحان نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’غزہ اور لبنان میں جاری اسرائیلی جارحیت نے انسانی تکالیف اور مسائل میں بے حد اضافہ کیا اورخطے کو ایک بڑی جنگ کے دھانے پرپہنچا دیا جس سے عالمی قانون اور اداروں کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔‘
شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے خطاب میں غزہ میں فوری جنگ بندی اور امدادی کارروائیوں کو محفوظ بنانے کے علاوہ یرغمالیوں کی رہائی اور 1967 کی سرحدوں کے مطابق دو ریاستی حل کے حوالے سے مملکت کے موقف کا اعادہ کیا۔
وزیرخارجہ نے سوڈان کی صورتحال پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا ’وہاں رونما ہونے والا تنازعہ ایک عظیم انسانی المیہ کا باعث بن رہا ہے خاص طورپر متاثرین کو بروقت امداد کی فراہمی میں ہونے والی رکاوٹوں کی وجہ سے بے پناہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‘
کانفرنس میں سعودی وفد میں وزیرخزانہ محمد عبداللہ الجدعان، نائب وزیر خزانہ عبدالمحسن الخلف اور برازیل میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر فیصل بن ابراہیم غلام شریک ہیں۔