ژوہائی، جنوبی چین .... ایک مقامی خاتون نے کند ذہنی کی نئی مثال قائم کرتے ہوئے کار ڈرائیونگ کے ٹیسٹ کو انتہائی کٹھن بنادیا ہے اور 7مرتبہ ڈرائیونگ ٹیسٹ میں ناکام ہونے والی خاتون مسز زینگ اب 8ویں بار ٹیسٹ دے رہی تھیں کہ بہت بڑا حادثہ کر بیٹھیں۔ نہ جانے اس نے کیسے اسٹیئرنگ سنبھالا اور کس چیز پر پیر رکھا یا کسی دوسرے گیئر کو ہاتھ لگایا کہ اسکی گاڑی ہی الٹ گئی اور وہ اس کے نیچے دب کر رہ گئی۔ یہ منظر بہت سے لوگوں کی نظروں کے سامنے پیش آیا جو فوری طور پر اس کی مدد کو آئے۔ خاتون نے ڈرائیونگ کے وقت حفاظتی بیلٹ باندھ رکھی تھی مگر گاڑی کو کیسے محفوظ رکھا جائے اس بارے میں انہوں نے کچھ نہیں سوچا تھا۔ تفصیلات کے مطابق گاڑی الٹنے کے بعد خاتون نے چیخ پکار مچائی اور آس پاس کھڑے لوگوں نے حیرت زدہ ہونے کے باوجود موقع پر کوئی تاخیر نہیں کی اور وہاں جاکر خاتون ڈرائیو رکو الٹی ہوئی کار کی سیٹ سے کھینچ کر باہر نکالا۔ اس وقت اس نے حفاظتی بیلٹ لگا رکھا تھا ۔ کار سے باہر نکلنے کے بعد اس نے اعتراف کیا کہ اس نے غلطی سے اپنا پیر بریک کے بجائے گیس پیلڈ پر رکھ دیا تھا۔ عینی شاہدین کا کہناہے کہ جب انہیں معلوم ہوا کہ وہ 7بار ڈرائیونگ ٹیسٹ میں فیل ہوچکی ہیں تو انہیں پتہ چلا کہ اتنے کم عقل لوگ بھی پائے جاتے ہیں۔ عینی شاہدین کا یہ بھی کہناہے کہ اس نے انگریزی حرف’’ ایس‘‘ کی شکل پر ڈرائیونگ کرتے ہوئے موڑ کاٹتے وقت ایک درخت کو بھی ٹکر ماری تھی اور یہی ٹکر گاڑی کے الٹنے کا اصل سبب بنی۔ حادثے کے بعد جب اسکا طبی معائنہ ہوا تو پتہ چلا کہ وہ اعصابی طور پر بھی کافی نروس تھی اور ٹانگیں اس وقت بھی کانپ رہی تھیں۔