ٹیکساس میں طوفان نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی، ہلاکتیں10 ہوگئیں
ٹیکساس۔۔۔۔۔ہاروی طوفان نے امریکی ریاست ٹیکساس میں ہلاکتوں کی تعداد 10 ہوگئی جن میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد بھی شامل ہیں۔ریسکیوکاعملہ تاحال تمام علاقوں تک نہیں پہنچ سکا اس لیے خدشہ ظاہر کیاجارہاہےکہ اموات کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔طوفان کے باعث 30 ہزار افراد بے گھر ہوگئے ہیں جبکہ ریسکیو کے منتظر دیگر ہزاروں افرادمیں سیکڑوں پاکستانی بھی ہیں۔ درجنوں افراد لاپتا بھی ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ طوفانی بارش کے خطرے کے پیش نظر لوزیانا میں بھی ہنگامی حالت کا اعلان کردیا گیا ہے جبکہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ جلد ٹیکساس کادورہ کریں گے۔طوفان ہاروی کی تباہ کاریوں کے بعد امریکی ریاست ٹیکساس کی 18 کاونٹیز آفت زدہ قرار دے دی گئی ہیں۔شہر ہیوسٹن،طوفان ہاروی کی تباہ کاریوں کی سب سے زیادہ لپیٹ میں ہے جہاں کئی گھنٹوں بعد بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور پورا شہر پانی میں ڈوبا ہے۔گلیاں سڑکیں انڈر پاسز سب پانی میں ڈوبے ہیں۔ شہر میں 2 فٹ سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ کئی مقامات پر 10فٹ تک پانی جمع ہے اور مسلسل بارشوں کے باعث اس میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔فیڈرل ایمرجنسی مینی جمنٹ ایجنسی کے مطابق طوفان سے30 ہزار افراد بے گھر ہوئے ہیں۔طوفان کے باعث ڈاون ٹاون ہیوسٹن کی ایک عمارت میں آگ بھڑک اٹھی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ ہلاک ہونے والوں میں ہیرس کاونٹی کے ایک ہی خاندان کے 6 افراد بھی شامل ہیں۔