Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ممبئی : - - طوفانی بارش سے سیلاب، نظام زندگی درہم برہم

    ممبئی۔۔۔۔ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت میں گزشتہ 2روز سے مسلسل بارش  اور منگل کو شدید بارش سے شہر میں جل تھل کا سماں ہوگیا ہے جس کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔ لوگوں کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ منگل کو شدید بارش کے باعث جہاں ایک طرف سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی وہیں سڑکیں زیر آب آگئیں اورشہر کے ہر علاقے میں ٹریفک جام ہوکر رہ گیا۔ یہی نہیں بلکہ پریل کے علاقے میں کنگ ایڈورڈ اسپتال میں پانی بھر گیا ، سب مریض محفوظ ہیں جنہیں بالائی حصے میں منتقل کیا گیا ہے۔ شدید بارش کے باعث روڈ ٹرانسپورٹ پوری طرح سے مفلوج ہوکر رہ گئی جبکہ لوکل ٹرین سروس بھی درہم برہم ہوکر رہ گئی ہے۔ شہر کے بہت سے علاقوں میں پانی کے دبائو کے باعث پٹریاں ٹوٹ گئیں جن کی وجہ سے ٹرینوں کی آمد ورفت منسوخ ہوگئی جبکہ بعض کے روٹس تبدیل کئے گئے۔ فضائی سروس بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ بارش طوفانی نوعیت کی تھی اسلئے متعدد علاقو ں میں سیکڑوں درخت گر گئے اور درجنوں گاڑیوں اورکاروں کو نقصان پہنچا۔ سڑکوں پر پانی بھر جانے سے سیکڑوں گاڑیاں پانی میں پھنس کر رہ گئیں کیونکہ کاروں میں پانی داخل ہونے سے وہ ناکارہ ہوگئیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ پانی کے تیز بہاؤ میں پھنسنے کی صورت میں اگر انکی گاڑی بند ہوجاتی ہے تو اسے اسٹارٹ کرنے کی کوشش نہ کریں۔ ڈپارٹمنٹ نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے ساتھ موبائل چارج رکھیں اور فون کال کی جگہ ایس ایم اس کا استعمال کریں اور جتنا ہوسکے اونچے مقام پر جائیں۔سیلابی کیفیت کے باعث شہر کے ہر علاقے میں پانی کا بہاؤ تیز ہوگیا ہے۔ لوگوں سے  یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ اپنے گھروں سے باہر نکلنے کی کوشش نہ کریں۔ شہر کا ٹریفک پوری طرح سے بند ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سمندر میں لہریں تیز ہوگئی ہیں لہذا سمندر میں جانے سے گریز کریں۔ نشیبی علاقوں میں کچی آبادیاں پانی میں ڈوب گئی ہیں اورلوگوں کو وہاں سے نکالنے کی امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے شہر کے ہر علاقے کے بارے میں ہونے والی بارش کی پیمائش بھی جاری کی گئی ہے۔ بارش کے باعث کئی علاقوں میں ٹریفک جام ہے۔ جن علاقو ں میں سڑکوں پر گڑھے پڑے ہوئے ہیں وہاں پر حادثات ہوئے اور گاڑیاں پھنس کر رہ گئی ہیں۔ اس صورتحال میں کسی جانی نقصان کی تو کوئی اطلاع نہیں ملی تاہم ایک اندازے کے مطابق ممبئی شہر کو کروڑوں کا نقصان ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس نے ایمرجنسی اجلاس طلب کرکے حکام کو متاثرین کی بھرپور مدد کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تووہ فوج کی مدد بھی طلب کرسکتے ہیں۔ ایک غیر مصدقہ اطلاع کے مطابق ایک خاتون جو اپنی اسکوٹی پر جارہی تھیں وہ سڑک میں گڑھا ہونے کے باعث اس میں جاگریں اور اسکی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی تاہم سرکاری طور پر اسکی تصدیق نہیں ہوسکی۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ آئندہ 24سے 48گھنٹوں میں شدید بارش کی توقع ہے اسلئے لوگوں کو چاہئے کہ وہ احتیاطی اقدامات کے طورپر محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔ ریاستی حکومت نے دفاتر بند کردیئے ہیں اور آئندہ نوٹس تک دفتر نہ آنے کی بات کہی گئی ہے جبکہ تجارتی مراکز اور تعلیمی ادارے  پہلے ہی بند کئے جاچکے ہیں۔تعلیمی اور تجارتی سرگرمیاں پوری طرح سے ٹھپ ہوکر رہ گئی ہیں۔

شیئر: