منیٰ.... وزارت داخلہ کے ترجمان میجر جنرل منصور الترکی نے اعلان کیا ہے کہ 20لاکھ سے زیادہ عازمین کا منیٰ میں استقبال کیا جائےگا۔ تمام انتظامات مکمل ہیں۔ حجاج کرام 9ذی الحجہ جمعرات کو عرفات پہنچیں گے ۔وہاں سے وہ بعد مغرب مزدلفہ کیلئے روانہ ہوں گے اور پھر جمرہ عقبہ کی رمی، طواف افاضہ ، قربانی اور احرام سے آزاد ہونے کیلئے عیدالاضحی کے دن منیٰ پہنچیں گے۔ وہ منگل کو منیٰ میں امن عامہ کے دفتر میں حج انتظامات میں شریک متعدد اداروں کے نمائندوں کے ساتھ پہلی پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ الترکی نے بتایا کہ باہر سے آنے والے 50فیصد عازمین نے مسجد نبوی شریف کی زیارت مکمل کر لی۔ مشیر وزیر حج حاتم قاضی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ مدینہ منورہ سے حاجی حضرات پہلے ہی مکہ مکرمہ پہنچ گئے تھے۔ 19ہزار 500بسوں نے انہیں مقدس شہر پہنچایا۔ ضیوف الرحمان کو مکہ مکرمہ لانے کیلئے بسوں نے 38ہزار سے زیادہ چکرلگائے۔سعودی ہلال احمر کے نگرانِ اعلیٰ احمد باریان نے بتایا کہ امسال حج پروگرام 3مرحلوں میں نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔ اس کا پہلا مرحلہ 20ذی القعدہ سے شروع ہوا تھا۔ یکم ذی الحجہ کو مکمل ہو گیا۔ دوسرا مرحلہ مکہ مدینہ اور مشاعر مقدسہ میں 133طبی امدادی مراکز کی مدد سے شروع کر دیا گیا ہے۔ 4فضائی ایمبولینسیں ضیوف الرحمان کی خدمت پر مامور ہیں۔ 500رضاکار خواتین و مرد حجاج کی خدمت بڑھ چڑھ کر کر رہے ہیں۔ وزارت صحت کے ترجمان مشعل الربیعان نے توجہ دلائی کہ مدینہ منورہ، مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں 25اسپتال اور 155ہیلتھ سینٹر ضیوف الرحمان کو صحت خدمات فراہم کرنے کیلئے کھلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت صحت نے لو سے متاثرین کو طبی امداد فراہم کرنے کیلئے 285سے زیادہ اسپیشل کمرے تیار کئے ہیں۔ شہری دفاع کے ترجمان کرنل عبداللہ الحارثی نے بتایا کہ ہماری کوشش ہے کہ حجاج کی سلامتی کو متاثر کرنے والا کوئی واقعہ نہ ہو۔ حاجیو ںکی رہائش کیلئے مکانات کی اچھی طرح سے چھان بین کی گئی تھی۔ اس امر کا اطمینان کر لیا گیا تھا کہ سلامتی ضوابط کی پابندی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حج مقامات پر گیس سلنڈر کا استعمال ممنوع ہے۔ منیٰ سے 18اور عرفات سے 3گیس سلنڈر ضبط کئے گئے ہیں۔ حج آگہی کے خوشگوار اثرات سامنے آنے لگے ہیں۔ امن عامہ میں ابلاغ کے انچارج کرنل سامی الشویرخ نے بتایا کہ امن عامہ کے اہلکاروں کی ڈیوٹی مشاعر مقدسہ تک ہی محدود نہیں ۔ ہم نے مملکت کے مختلف علاقوں سے فرضی داخلی معلمین کے 96دفاتر بند کرائے ہیں۔ 2لاکھ 8ہزار236گاڑیوں کو اجازت نامہ نہ ہونے پر واپس کر دیا گیا۔ 1841مقیم غیر ملکیوں کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کیا گیا۔ الترکی نے بتایا کہ مملکت میں ہیضے کا کوئی مریض ریکارڈ پر نہیںآیا۔ عازمین حج کی صحت تسلی بخش ہے۔ انہوں نے حج آگہی کا معیار بلند کرنے او رسعودی قوانین کے نفاذ میں تعاون پر حج مشنوں اور خود ضیوف الرحمان کا شکریہ ادا کیا۔