قاہرہ..... قاہرہ میں غیر ملکی رپورٹروں کی سوسائٹی کے سربراہ نے دعویٰ کیا ہے کہ قطر کے حکام آئندہ چند ماہ کے دوران انسداد دہشتگردی کے علمبردار ممالک کے مطالبات قبول کر لیں گے۔ انہو ںنے المدینہ اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مصری عوام نے ایک سال کے اندر ہی الاخوان کے اقتدار سے نجات حاصل کر لی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پہلے ہی یقین تھا کہ ایسا ہی ہو گا۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ مصر میں ناکامی کے بعد قطر نے خلیجی ممالک کے حصے بخرے کرنے شروع کر دیئے۔ ایران سے تعاون حاصل کیا جو عرب دنیا کی اینٹ سے اینٹ بجانے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا تھا۔ انہو ںنے کہا کہ قطر امریکہ اور یورپی ممالک میں اپنی بھاری سرمایہ کاری سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہاہے تا ہم اسے منہ کی کھانی پڑے گی۔ وجہ یہ ہے کہ دہشتگردوں کی مالی اعانت، اسلحہ کی فراہمی اور لاجسٹک تعاون کے خطرات کی بابت مغرب آنکھیں کھولے ہوئے ہے۔