یوپی: مدرسوں کے نام ہندی میں تحریر کرنے کی ہدایت
لکھنؤ۔۔۔اترپردیش حکومت نے صوبے کے تمام مدارس کیلئے ایک نیا حکمنامہ جاری کیا ہے۔ اس کے مطابق تمام مدرسوں کو مدرسے کے نام، نظام الاوقات ، اور دیگر تفصیلات ہندی میں درج کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔یوپی حکومت کے وزیر بلدیو سنگھ اولک نے کہا کہ یہ حکم اس لئے دیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو معلوم ہوسکے کہ اس مدرسے کا کیا نام ہے اور وہاں کا تعلیمی نصاب کیا ہے۔مدرسوں کے کھلنے اور بند ہونے کا وقت بھی بورڈ پر لکھنا ہوگا۔ مدرسہ کے منتظمین نے اس حکومتی حکمنامے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقلیتوں کو دبانے اور ان پر طاقت کا استعمال کرکے احکام نافذ کرنے کے مترادف ہے۔بلدیو نے کہا کہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے تعلیمی نصاب میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ معیار بہتر بنانے پر توجہ دی جارہی ہے ۔