راولپنڈی ... انسداد دہشت گردی کی عدالت نے9 سال سماعت کے بعد سابق وزیراعظم بےنظیر بھٹو قتل کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا جمعرا ت کو فیصلہ سنایا جائے گا۔ پراسیکیوٹر ایف آئی اے اور ملزمان کے وکلا نے دلائل مکمل کرلئے۔ سابق سی پی او سعود عزیز، ایس پی خرم شہزاد ضمانت پر ہیں جبکہ5 ملزمان شیرزمان، حسنین گل، اعتزاز شاہ، رفاقت حسین اور عبدالرشید اڈیالہ جیل میں ہیں۔سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف مقدمہ علیحدہ چلے گا۔دریں اثناءایف آئی اے کے پراسیکیوٹر چوہدری اظہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بے نظیرقتل کیس میں ہر ملزم کے خلاف مضبوط اور ٹھوس شہادتیں موجود ہیں ۔ 121 گواہان تھے صرف 68 کے بیانات ریکارڈ کئے گئے۔ ڈرائیور عبدالرحمان کے سوا سب سے تفتیش کی گئی۔ ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے کہا کہ پرویز مشرف کے وکیل پیش ہوتے رہے ۔ سابق صدر پرویز مشرف پر الزام ہے کہ انہوں نے بے نظیر بھٹو کو مکمل سیکیورٹی فراہم نہیں کی ۔ عدالت انہیں مقدمے میں اشتہاری قرار دے چکی ہے۔