غلاف کعبہ کی تبدیلی کا کام مکمل
مکہ مکرمہ: ہر سال کی طرح امسال بھی کعبة اللہ کے غلاف کی تبدیلی کی رسم یوم عرفہ میں ادا کی گئی۔ غلاف کعبہ کی تبدیلی کے کام کا آغاز فجر کی نماز کے بعد شروع کیاگیا۔ غلاف کعبہ فیکٹری کے 86ماہرین نے 4گھنٹے میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کا کام مکمل کیا۔ قبل ازیں رات 12بجے سے پرانے غلاف کے سنہری حصہ نکالنا شروع ہوئے۔ فجر کی نماز کی فوری بعد نیا غلاف مسجد الحرام پہنچایا گیا۔ اس موقع پر حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس موجود تھے۔ ان کے ہمراہ انتظامیہ کے دیگر عہدیداروں کے علاوہ فیکٹری کے ذمہ داران ، علماءاور مشائخ تھے۔ کعبة اللہ کے چاروں سمت غلاف کے الگ الگ حصے تھے جنہیں یکے بعد دیگر تبدیل کیا گیا۔ بعد ازاں الگ حصوں کو جوڑدیا گیا۔ آخری مرحلے میں کعبة کے دروازے کا پردہ تبدیل کیا گیا۔واضح رہے کہ غلاف کعبہ خالص ریشم کا بنا ہواہے جس پر سونے اور چاندی کے دھاگوں سے آیات کریمہ لکھے ہوئے ہیں۔ غلاف کعبہ 22ملین ریال لاگت سے تیار ہوتا ہے۔