ویران میدان رواں ماہ آبا د ہوجائیں گے، مکی آرتھر
لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی پاکستان کرکٹ کےلئے خوش آئند ہے۔ پاکستان کے طویل عرصے سے ویران میدان رواں ماہ ایک بار پھر آباد ہوجائیں گے اور ورلڈ الیون پاکستان کا دورہ کرے گی جہاں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔ورلڈ الیون کے دورے سے پاکستان میں ایک بار پھر انٹرنیشنل کرکٹ کی راہ ہموار ہونے کی امید کی جارہی ہے جب کہ ورلڈ الیون کے دورے پر پاکستان کے سابق کرکٹرز بھی خوشی سے نہال ہیں۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ طویل عرصے سے نہیں ہورہی اور پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی ملک کے لیے خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ اگلے چند ہفتوں میں7 ٹی 20 میچز کاپاکستان میں انعقاداچھی خبر ہے اور کھلاڑی اچھا کھیلنے کے لیے بے تاب ہیں جب کہ شائقین بھی سپورٹ کریں گے۔دوسری جانب فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن کا کہنا ہے کہ پاکستان کے شائقین لمبے عرصے سےانٹرنیشنل کرکٹ کے منتظر تھے اور یہ موقع ہے کہ پاکستان کے شائقین کرکٹ کو سپورٹ کرنے اسٹیڈیم آئیں۔