ایران میں مقامی ’فضائی دفاعی نظام‘ کا کامیاب تجربہ
تہران۔۔۔۔۔ایران نے مقامی طور پر تیار کردہ ’فضائی دفاعی نظام‘ کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے۔ پاسداران انقلاب کے ایئر ڈیفنس کے سربراہ فرزاد اسماعیلی نے کہا کہ یہ فضائی دفاعی نظام روس کے ’ایس 300‘ کی برابری کے لیے بنایا گیا ہے۔انہوں نے سرکاری نشریاتی ادارے ’آئی آر آئی بی‘ کو بتایا کہ ’ایس 300 کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ ’باوَر 373‘ سسٹم پر بھی کام جاری ہے،انہوں نے مزید بتایا کہ یہ نظام مکمل طور پر ایران میں تیار کیا گیا ہے اور اس کے چند حصے ایس 300 سے مختلف ہیں، سسٹم کے تمام ذیلی نظام مکمل کر لیے گئے ہیں اور اس کے میزائل تجربے بھی کیے جاچکے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ باور، جس کے معنی ’یقین‘ ہیں، تہران کا پہلا طویل فاصلے والا میزائل ڈیفنس سسٹم ہے جسے مارچ 2018 میں آپریشنل کیا جائے گا۔واضح رہے کہ ایران کے عسکری حکام کی جانب سے یہ بیانات، امریکا کی جانب سے ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام پر نئی پابندیوں کی منظوری کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے بعد سامنے آئے ہیں۔