یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کے تحت جشن آزادی پاکستان کی تقریب
کویت(محمد عرفان شفیق)پاکستان 27رمضان کریم کی پرنور ساعتوں میں معرض وجود میں آیا۔ پاکستان کو ایٹمی طاقت کا حامل واحد اسلامی ملک ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ پاکستان کے حصول میں جہاں ہمارے اسلاف نے قربانیاں دیں وہیں اس دور کے نوجوان کی تگ و دو اور کوششوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی نے جشن آزادی کی منا سبت سے ایک عالیشان تقریب کا انعقاد کیا جس میں جذبہ حب الوطنی کو بہت خوبصورتی سے اجاگر کیا گیا تھا۔ پروگرام کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان غلام دستگیر تھے۔
پروگرام کا آغازتلاوت کلام پاک سے ہوا جسکی سعادت حافظ حسان سعید نے حاصل کی۔ اسکے بعد اسکول کے بچوں نے پرمترنم انداز میں قومی ترانہ پیش کیا۔پروگرام کی نظامت کے فرائض خالد رضوی نے نہایت خوش اسلوبی نے انجام دئیے۔ نمائندہ یوتھ ونگ ساجد ندیم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے نوجوانو ں میں جذبہ حب الوطنی پر روشنی ڈالی۔ اسکے بعد سکول کے طلباءنے سواں سید کے ہمراہ ٹیبلو پیش کیا۔معروف گلوکا محمد ابراہیم نے مشہور و معروف ملی نغمہ سوہنی دھرتی پیش کرکے حاضرین کے جذبات کی ترجمانی کی۔
اخلاق احمد نے پاکستان کی ترقی میں نوجوان کے کردار کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات ہی مہذب معاشرے کی بنیاد کو تقویت دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ” پاکستان کا مطلب کیا ، لا الہ الا اللہ “ہماری اصل پہچان ہے۔ اگر ہم نوجوانوں نے یہ شناخت کھو دی تو ہمارے پاس کچھ نہیں بچے گا۔ انہوں نے دور حاضر کے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ نظریہ¿ پاکستان کی دل و جان سے حفاظت کریں اور دین اسلام سے لو لگا کر رکھیں، اپنے علم و کردار سے اپنے آپ کوایک عظیم پاکستانی بنائیں تاکہ دنیا میں پاکستانی معاشرے کی اہمیت اجاگر ہو۔ اسکے بعد حماد ندیم نے” اے وطن پیارے وطن “ملی نغمہ پیش کیا۔ یوتھ ونگ کی جانب سے نظریہ پاکستان اور اسکے اہداف پر ایک جامع دستاویزی فلم پیش کی گئی جس میں آزادی سے قبل نظریہ پاکستان کی اہمیت اور اسکی ضرورت پر روشنی ڈالی گئی، جسے نعمان گھمن نے اپنی آواز سے چار چاند لگا دئیے۔
ریڈیو کویت کے معروف میزبان اور پاکستانی کمیونٹی کی ہر دلعزیز شخصیت عبداللہ عباسی نے جشن آزادی اورآج کا پاکستان پر اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی جنگ میں لوگوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا لیکن آزادی کے جشن کی خوشی کو ایک خاص اہمیت حاصل تھی۔ اسکے بعد بانی پاکستان بلڈ ڈونرز ان کویت ،عامر حمید نے آزادی کے گمنام ہیرو اور ”پاکستان کا مطلب کیا، لا الہ الا اللہ“ کا نعرہ دینے والے شاعر اصغر سودائی کی زندگی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اصغر سودائی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم نے کہا تھا کہ آزادی کے حصول میں 25فیصدحصہ اصغر سودائی کاہے جنہوں نے اپنے نعرے کے ذریعے مسلمانوں میں آزادی کا جذبہ بیدار کیا۔اس کے بعد معروف گلوکارسید ناصر عباس نے ملی نغمہ ”یہ وطن تمہارا ہے، تم ہو پاسباں اس کے “ پرجوش انداز میں پیش کیا۔
سفیر پاکستان غلام دستگیر نے اپنے خطاب میں اتحاد و اتفاق کی فضا کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اتفاق اور اتحاد کامیابی کی کنجی ہے۔ قائم مقام صدر یوتھ ونگ نعیم ارشاد نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔آخر میں یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کی جانب سے "سلام پاکستان"ایوارڈ کے اجراءکا اعلان کیا گیا اور اس ضمن میں فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین ملک نور محمد اور ٹرسٹ کے حوالے سے ایوارڈ دیا گیا جو کہ چیئرمین پیر امجد حسین نے وصول کیا۔ اسکے علاوہ معروف سوشل ورکر ایوب بھٹی کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اسکے بعدپروگرام کا اختتام پر شہاب سوری نے پاکستان کی ترقی اور فلاح کے لئے دعا کرائی۔