سالانہ جلسہ و جشن آزادی کے کامیاب انعقاد کاجائزہ لیا گیا،کثیر تعداد میں فیملیز کی شرکت
جدہ(ابو انصاری ) مدینہ منورہ میں قائم تلنگانہ این آر آئیز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ذمہ داران کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں تلنگانہ این آرآئیز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سالانہ جلسہ و جشن یوم آزادی پر منعقد کی گئی تقاریب کا جائزہ لیا گیا ۔ صدر ایسوسی ایشن ڈاکٹر عبدالجبار محوی نے تقاریب کے کامیاب انعقاد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اجلاس کو بتایا کہ ہماری توقعات سے زیادہ فیملیزنے جشن آزادی تقاریب میں شرکت کرکے اپنی حب الوطنی کا ثبوت دیا ۔ ہم نے جس طرح تمام عمر کے بچوں اور بڑوں کیلئے مختلف کھیلوں اور تعلیمی مظاہروں کا اہتمام کیا ،اس سے ایک دوسرے کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ۔ بچوں میں ڈرائنگ کا جو مقابلہ رکھا گیا تھا اس میں ایسوسی ایشن نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی ڈرائنگ کرنے پر زور دیاتھا ۔ الحمدللہ، بچوں نے اپنے فن کا خوب ترمظاہرہ کیا ۔خواتین نے میوزیکل چیئر اور ڈرائنگ میں حصہ لے کر اپنے اسکول کی یادوں کو تازہ کیا ۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے صدر نے ذمہ دار محمد اسماعیل اور محمد انعام کی کارکردگی کو سراہا جنہوں نے تمام پرگراموں کو بہتر سے بہتر بنانے میں اپنا بھرپور تعاون دیا ۔ جنرل سیکریٹری تلنگانہ این آر آئیز عبدالحمید نے کہا کہ ہمیں فیملیز کے فون موصول ہورہے ہیں کہ وہ اس طرح کے پروگرام کم از کم ہر 3 ماہ میںضرور منعقد کریں تاکہ ہم ایک دوسرے سے کچھ نہ کچھ سیکھ سیکیں ۔انہوں نے بتایا کہ شرکاء نے تقاریراور نظم خوانی کو بہت پسند کیا اور کہا کہ اس سے بچوں کے حوصلے بلند ہوئے اوروہ آئندہ شرکت کیلئے خود کو تیار کرنے پر آمادہ ہوئے ۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ صدر عبدالجبار محوی کی شبانہ روز کی محنت ولگن سے ہم ہندوستان کی 5 ریاستوں سے تعلق رکھنے و الی کمیونٹی کو اپنے ساتھ ملا کریہ پروگرا م منعقد کرنے کے قابل ہوسکے۔ اب ان شاء اللہ، ہم آئندہ پروگرام کل ہند پیمانے پرمنعقد کریںگے۔جشن کی تیاری میں کمیونٹی کے ایک ایک ممبر نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے باہمی اتفاق و اتحاد سے کام کیا۔ نوجوانوں میں محمد رحمت نے انتہائی سرگرمی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے تقاریب کوبراہ راست دیکھنے کیلئے پردہ دارخواتین کے لئے کلوز سرکٹ ٹی وی کا اہتمام کیا ۔ یوںخواتین اپنے بچوں کی براہ راست کارکردگ دیکھ کر نہ صرف مسرور ہوئیں بلکہ انہوں نے ٹی وی اسکرین پر نشر ہونے والے مناظر کو کیمروں کی آنکھ میں قید بھی کیا۔ تلنگانہ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ذمہ داروں نے کامیاب سالانہ تقریب و جشن آزادی پر انتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے شکر ادا کیا اور خدمت خلق کو اپنا نصب العین بنانے کا عہد کیا ۔ اجلاس میں صدر ڈاکٹر عبدالجبار نے ذمہ داروں سے تجویز پیش کی کہ حرم مدنی شریف میں حاضری کیلئے آنے والے زائرین کیلئے ہر جمعہ کو رات کے کھانے کا دستر خوان سجایاجائے ۔تمام ذمہ داران نے اس تجویز پر مسرت کا اظہار کیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بہت جلد انتظامات کو حتمی شکل دے کر دسترخوان کے اہتمام کی جگہ کا اعلان کر دیا جائے گا ۔ ایسوسی ایشن کے نوجوان، محمد رحمت کی رہنمائی میں مدنی حجاج کی خدمت کررہے ہیں اور ہوئے بھٹکے ہوئے ضعیف اور پریشان حال حاجیوں کو ان کے ہوٹل تک پہنچا نے اور انہیں راستہ دکھانے جیسے کام انجام دے رہے ہیں ۔ اس موقع پر تلنگانہ ویلفیئر ایسو ایشن کی کور کمیٹی اور تمام ارکان نے پوری امت مسلمہ کو عید الاضحی کی دلی اور پرخلوص مبارکباد دی ۔