جدہ..... ڈائریکٹر جنرل جوازات بریگیڈئیر جنرل سلیمان بن عبدالعزیز الیحییٰ نے حجاج کرام کی روانگی کے کاموں کا جائزہ لینے کےلئے حج ٹرمنل کا دورہ کیا ۔ سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس موقع پر ڈائریکٹر امیگریشن برائے حج امور بریگیڈیئر جنرل خالد المقبل اور دیگر اعلیٰ عہدیدارن بھی موجود تھے ۔ ڈائریکٹر جنرل جوازات نے حج ٹرمنل پر موجود اہلکاروں کو خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ امیگریشن کے معاملات میں کسی قسم کی تاخیر نہ برتی جائے ۔ معاملات کو تیز تر کرنے کی کوشش کی جائے تاکہ حجاج کرام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر داخلہ اور حج کمیٹی کے نگران اعلیٰ کی جانب سے ہر قسم کا تعاون پیش کیا جارہا ہے تاکہ حجاج کو بہترین سہولتیںمہیا کی جاسکیں ۔انہوںنے ٹرمنل پر امیگریشن کی خدمات فراہم کرنے والے اہلکاروں کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ حجاج کرام کی خدمت اس جذبے سے کی جائے کہ وہ ضیوف الرحمان ہیں ۔