یوپی میں ایک اورٹرین حادثہ
سون بھدر۔۔۔۔۔ملک میں ریل حادثے تھمنے کا نام نہیں لے رہے ۔ اترپردیش کے سون بھدر کے پاس اوبرا میں پھپھرا کنڈ کے پاس شکتی پونج ایکسپریس کی 7بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ جائے وقوعہ پر پٹریاں ٹوٹ پھوٹ کر بکھر گئیں۔حادثہ صبح تقریباً6بجے یوپی اور مدھیہ پردیش کے درمیان پیش آیا۔ٹرین ہاوڑہ سے جبل پور جارہی تھی۔ حادثہ میں ابھی تک کسی کے ہلاک ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔حادثہ کے بعد ریلوے حکام اور پولیس اہلکار موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔واضح ہو کہ پیوش گوئل کے وزیر ریلوے بننے کے بعد یہ پہلا ٹرین حادثہ ہے۔ پچھلے کچھ دنوں میں ہونے والے ریلوے حادثات کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے سریش پربھو نے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھالیکن اسے مسترد کردیا گیا تھا۔کابینہ میں تبدیلی و توسیع کے بعد پربھو کی جگہ پیوش گوئل کو وزیر ریلوے بنایا گیا ہے۔غورطلب امر یہ ہے کہ ٹرین 11448HWH-JBPشکتی پونج ایکسپریس اوبرا کیبن سے صبح6.13پر گزری جس کے دوران اس کی 7بوگیاں پٹری سے اتر گئیں ، ٹرین میں 21بوگیاں تھیں۔