ریاستیں اسمارٹ سٹی پر جلد کام شروع کریں، مرکز
نئی دہلی۔۔۔۔مرکزی حکومت نے ریاستوں سے وزیر اعظم کے پر عزم منصوبے’’اسمارٹ سٹی‘‘کے تحت منتخب شدہ شہروں میں جلد سے جلد کام شروع کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ رہائش اورشہری امور کی وزارت نے بتایا کہ سیکریٹری درگا شنکر مشرا نے ریاستوں کے چیف سیکریٹریز کو خط ارسال کیا ہے کہ وہ جلد سے جلد اس منصوبے پر کام شروع کریں ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسمارٹ سٹی کیلئے منتخب شدہ 60شہروں میں 261منصوبوں پر امسال نومبر تک کام شروع کردیا جائے۔ان منصوبوں پر 31ہزار 112کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تجویز ہے۔ یہ پروجیکٹ بھونیشور، پونے، جے پور، سورت، کوچی، احمد آباد، جبل پور، وشاکھا پٹنم، سولا پور، داون گیرے، اندور، نئی دہلی، کوئمبتور، کاکی ناڈا، بیگاوی، ادے پور، گوہاٹی، چنئی، لدھیانہ، بھوپال، لکھنؤ، دھرم شالہ، چنڈی گڑھ ، فرید آباد، آگرہ، وارانسی، راوڑقلعہ، رائے پور، کلیان، دانبی ولی، بلاسپور، امرتسر، وارنگل، شملہ ، علی گڑھ اور بنگلور و میں ہیں۔