Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کے سات شہروں میں ’سٹی ہب‘ تفریحی تقریبات کا آغاز

الخبر، بریدہ، حائل، الباحہ، طائف، تبوک میں تقریبات 14 دن تک جاری رہیں گی۔ فوٹو جی ای اے
سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی آل الشیخ نے مملکت کے سات شہروں میں مختلف تفریحی مواقع فراہم کرنے کے لیے ایک نئے منصوبے ’سٹی ہب‘ کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس منصوبے کا آغاز 23 جنوری کو جازان سے ہوگا، جس کے بعد الخبر، بریدہ، حائل، الباحہ، طائف اور تبوک میں اگست تک  جاری رہے گا۔ ہر شہر میں تقریبات 14 دن تک جاری رہیں گی۔
ہر شہر میں 20 ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر قائم کئے جانے والے ’سٹی ہب‘ میں مختلف قسم کی تفریحی سرگرمیاں پیش کی جائیں گی جن میں ویڈیو گیمز، سرکس اور ڈراؤنے گھر کے زون شامل ہوں گے۔
سعودی کمپنیوں کے اشتراک سے تیار کئے جانے والے اس منصوبے کے تحت مملکت کی تفریحی صنعت میں ہزاروں ملازمتوں کے مواقع مہیا کئے جائیں گے۔
زائرین خاص طور پر نوجوانوں کو مختلف پیشہ ورانہ شعبوں مثلا جدت طرازی، بینکنگ اور طب میں عملی تجربہ فراہم کرنے کے لیے پُرکشش انداز میں ’پلے اینڈ لرن فیسٹیول‘ شامل کیا گیا ہے۔
نوجوان زائرین کے یہ خاص فیسٹیول صحتمندانہ سرگرمیوں کے ذریعے اپنے مستقبل کے لئے راستوں کو دریافت اور تعین کرنے کے مواقع فراہم کرے گا۔

ای سپورٹس میں حصہ لینے اور جیتنے والوں کو انعامات دیے جائیں گے۔ فوٹو عرب نیوز

ہر شہر میں ہونے والی 14 روزہ تفریحی سرگرمیوں میں الیکٹرانک گیمز زون قائم ہوں گے جس میں ای سپورٹس ٹورنامنٹس میں حصہ لینے والوں اور جیتنے والوں کو انعامات دیے جائیں گے۔
ایڈونچر کے شوقین افراد کے لیے ’ڈراؤنے گھر‘ شاندار تجربہ فراہم کریں گے جہاں  انہیں بے شمار حقیقت پسندانہ چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔
تفریحی تقریبات کے ایک زون میں نایاب پرندوں کو قدرتی ماحول فراہم کیا جائے گا، اس کے علاوہ ڈانسنگ فاؤنٹینز، سرکس اور جنگلے کے اندر موٹرسائیکل کے کرتب بھی پیش کیے جائیں گے۔

سٹی ہب ہر شہر میں 20 ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر قائم کیا جائے گا۔ فوٹو عرب نیوز

زائرین مختلف قسم کی خریداری کے مراکز کے علاوہ مقامی و بین الاقوامی ریستورانوں کے منتخب کردہ شاندار کھانوں کا لطف بھی اٹھا سکیں گے۔
مملکت کے سات شہروں میں ’سٹی ہب’ کا انعقاد مقامی صنعت کو فروغ دینے کے لیے سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے بھرپور عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔

 

شیئر: