اسلام آباد... تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام پر اقوام متحدہ کی غیر فعالیت شرمناک ہے۔یہ وقت ہے کہ اقوام متحدہ یا تو واضح مدد کرے یا پھر اپنے منشور سے ہمیشہ کے لئے لاتعلق ہو جائے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو خط میں انہوں نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی جاری ہے۔ اقوام عالم خاموش تماشائی ہیں۔اقوام متحدہ اس مقصد کو پورا کرے جس کے لئے اس کا قیام عمل میں لایا گیا۔ وقت آ گیا کہ اقوام متحدہ اپنے وجود کا احساس دلائے۔ کسی بھی قوم کی نسل کشی روکنا بطورخاص اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے لیکن عالمی ادارے کو فرائض کی انجام دہی میں ذلت آمیز ناکامی کا سامنا ہے۔ روانڈا قتل عام کے بعد امید تھی کہ اقوام متحدہ بلاتفریق ذمہ داریوں کا احساس کرے گا لیکن روہنگیامسلمانوں کے قتل عام پر اقوام متحدہ کی غیر فعالیت شرمناک ہے۔