Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گرمیت کو فرار کرانے کی کوشش پر مزید گرفتاریاں

چندی گڑھ.... اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم(ایس آئی ٹی) نے ڈیرہ سچا سودا کے 3ارکان کو گرفتار کرلیا۔ ان پر 25اگست کو احتجاج کے دوران پنج کولا سے ڈیرے کے سربراہ گرمیت سنگھ کو فرار کرانے کی سازش تیار کرنے کا الزام ہے۔ گرمیت کے پیرو کاروں نے اس روز پنج کولا میں احتجاج کا منصوبہ بنایا تھا۔اسی دن عدالت نے گرمیت کو زیادتی کے کیس میں مجرم قرار دیا تھا۔ ہریانہ کے آئی جی پولیس نے تصدیق کی تھی کہ گرمیت کے محافظوں نے عدالت سے نکلتے ہی گرمیت کو فرار کرانے کا منصوبہ تیار کیا لیکن سخت سیکیورٹی انتظامات کی وجہ سے وہ کامیاب نہ ہوسکے۔ گرمیت فسادکرانے کے بھرپور منصوبے کے ساتھ آئے تھے ۔ وہ اپنے ساتھ ”لال رنگ کا سوٹ کیس“ لیکر آئے تھے جو اپنے پیرو کاروں کیلئے ایک سگنل کے طور پر کام کرتا اور یوں اسے مجرم قرار دینے کے بعد عدالت کے باہر ہی فساد شروع ہوجاتا۔ بابا نے سازش تیار کی تھی کہ جیسے ہی اسے مجرم قرار دیا جائے عدالت کے باہر ہی ہنگامہ شروع کردیا جائے۔ اسکے پیرو کار عدالت کے باہر انتظار میں تھے۔ جیسے ہی یہ لال رنگ کا بیگ عدالت سے باہر آیا لوگوں نے نعرے لگانا شروع کردیئے۔ ہم نے اسی وقت بھانپ لیاکہ لال بیگ کا مطلب اپنے پیروکاروںکو سگنل دینا ہے کہ وہ ہنگامہ شروع کردیں۔ آئی جی نے بتایا کہ ڈیرہ کے سربراہ کو کافی عرصے سے زیڈ پلس کی سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی اور ہریانہ پولیس کے 650کمانڈوز کی حفاظت میں اسے عدالت لایاگیا تھا۔ ان لوگوں کو عدالت کے احاطے میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ عدالت نے اسے 20سال قید کی سزا سنائی ہے۔
 

شیئر: