سلونی اسٹیفنر نے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا
نیویارک: امریکہ کی ٹینس ا سٹار سلونی اسٹیفنز نے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا ویمنز سنگلز ایونٹ جیت لیا۔ انہوں نے فائنل میں امریکہ کی میڈیسن کیز کو اپ سیٹ شکست دیکر کیریئر کا پہلا گرینڈ سلام ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ امریکہ میں جاری سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام ٹورنامنٹ یو ایس اوپن کے سلسلے میں اتوار کو کھیلے گئے ویمنز سنگلز ایونٹ کے فائنل میچ میں امریکہ کی سلونی اسٹیفنز نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکہ کی ہی 15 سیڈڈ کھلاڑی میڈیسن کیز کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-3 اور 6-0 سے صرف 61منٹ میں ہرا کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔ سلونی اسٹیفنز نے کیریئر کا پہلا گرینڈ سلام ٹائٹل جیتا۔ مقابلہ جیتنے سے قبل عالمی رینکنگ میں 83ویں نمبر کی سلونی ا سٹیفنز نے سیمی فائنل میں امریکہ کی سابق عالمی نمبر ون وینس ولیمز کو اپ سیٹ شکست دیکر میگا ایونٹ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا جبکہ فائنل میں بھی میڈیسن کیز کو اپ سیٹ شکست سے دوچار کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا۔