Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ الیون کرکٹ ٹیم لاہور پہنچ گئی

لاہور: پی سی بی کی کوششوں کے بعدپاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے آئی سی سی کی زیرنگرانی ورلڈ الیون کی ٹیم جنوبی افریقہ کے فاف ڈپلوسس کی قیادت میں پاکستان کی قومی ٹیم سے 3ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنے کیلئے گزشتہ رات لاہور پہنچ گئی۔اس موقع پر ورلڈ الیون ٹیم کے کوچ اینڈی فلاور بھی موجود تھے۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹ سے پیار کرنے والے لوگ ہیں۔چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔غیر ملکی پرواز کے ذریعے بین الاقوامی کھلاڑیوں کو جہاز سے ہی انتہائی سخت سیکیورٹی میں مال روڈپر نجی ہوٹل پہنچا دیا گیا۔ اس موقع پر تمام کھلاڑی ہشاش بشاش اور خوش نظر آرہے تھے۔نجم سیٹھی کے ساتھ پی سی بی کے دوسرے عہدیدار بھی ائیرپورٹ پر ٹیم کے استقبال کے لئے موجود تھے۔پہلا میچ 13ستمبر کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔اس موقع پر چیئرمین نے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے یہ خوش آئند ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو رہی ہے۔ پی ایس ایل کے فائنل کے بعد اب پاکستان میں 3 میچوں کا انعقادمثبت قدم ہے۔ ہم اس موقع سے دنیا کو امن کا بھرپور پیغام دینا چاہتے ہیں اور بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستانی کھیلوں اور دنیا کے تمام کھلاڑیوں سے پیار کرنے والی قوم ہے۔

شیئر: