سعودی حکومت کیجانب سے حجاج کرام کی خدمات قابل ستائش ہیں،مولانا انوار ، ادائیگی حج کے بعدحجاج گناہوں سے پاک ہوجاتے ہیں،مولانا نوید
جدہ (امین انصاری )بزم طلبائے قدیم ومحبان جامعہ نظامیہ جدہ کی جانب سے مقامی ہوٹل میں بزم کی 25ویںسالانہ تقریب استقبالِ حجاج کرام کا مولانا حافظ محمد نوید افروز نوید بانی وصدر بزم کی صدارت میں انعقاد عمل میں آیا۔ مہمان قاری مولانا حافظ محمد محبوب عالم کی قرأت کلام پاک اورحافظ و قاری محمد اعجاز اور سید احمد رضا کی نعت شریف سے جلسہ کا آغاز ہوا ۔ حافظ محمد نظام الدین غوری معتمد نشرو اشاعت نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے حجاج کرام کا استقبال کیا اور کہا کہ یہاںضیوف الرحمان جمع ہیں جو ہمارے لئے باعث برکت ورحمت ہیں ۔ صدر استقبالیہ حجاج کمیٹی سراج محمد خان قادری نے خطبۂ استقبالیہ پیش کیا ۔ مولانا حافظ محمد عبدالسلام عزیز انواری صدیقی معتمد بزم نے تعارف پیش کیا ۔ صدر تقریب مولانا نوید افروز نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حجاج کرام ادائیگی ٔ حج کے بعد مکمل طور پر گناہوں سے پاک ہوجاتے ہیں۔ ان سے مصافحہ کرنا ،ان سے بغلگیر ہونا ،ان سے دُعائیں لینا چاہئے ۔ گزشتہ 25 سال سے ضیوف الرحمان کا استقبال کررہے ہیں اور ان کے فیوض و برکات سے مستفیض ہورہے ہیں ۔مولانا نے جلسہ کے معاونین استقبال حجاج کمیٹی کے صدرسراج محمد خان قادری ‘ نائب صدر اعجاز احمد خان ‘معتمدسید خواجہ وقار الدین ‘ نائب معتمدمحمد عبدالغفار اور دیگر کا شکریہ ادا کیا ۔ مولانا سید صادق انواری کامل جامعہ نظامیہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حج بیت اللہ کے ادا کرنے کے بعد پورے ادب و احترام کے ساتھ مدینہ منورہ میں حاضری دینی چاہئے کیونکہ یہ ہر مسلمان کا دیرینہ خواب ہے ۔ مولانا محمد رفیق احمد انواری نے کہا کہ حج میں ہو یا عام مقام پر ہو دل سے اللہ کو پکارا جائے تو بلا تاخیر اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کی دعائوں کو قبول کرتا ہے۔ مولانا حافظ محمد انوار احمد نائب شیخ التفسیر جامعہ نظامیہ نے کہا کہ حج کے موقع پر سعودی حکومت جس طرح حجاج کرام کیلئے انتظامات کرتی ہے یہ ایک قابل ستائش عمل ہے ۔ مولانا حافظ محمد نوید افروز نوید ،حضرت سید عماد الدین معظم قادری ،مولانا محمد عبدالسلام نائب صدر بزم ،محترم محمد مصلح الدین جاوید صابری نائب صدر تعلیمی کمیٹی ،مولانا محمد عبدالسلام عزیز ،محترم سیادت علی خان قادری ،محترم میر محمد علی ،محترم محمد یونس،شیخ جنید وغیرہ نے حجاج کرام کی خدمت میں عبایہ ،رومال اور سپاس نامہ پیش کیا ۔مولانا محمد عبدالسلام نائب صدر بزم نے حجاج کی خدمت میں پیش کیا گیا سپاس نامہ حاضرین جلسہ کی سماعتوں کی نظر کیا۔ مولانا محمد حیدر علی خان کامل جامعہ نظامیہ،محمد عبدالرحمن انس ،محمد مسیح الدین کلیم صابری ،محمد عمر مسعود صابری ،میر شعیب علی ،محمد خواجہ نقشبندی ،محمد اعظم علی بنگلور وغیرہ نے انتظامات میں حصہ لیا ۔ آخر میں مولانا محمد عبدالسلام نے عالمی امن وامان اور خصوصاً برما کے مسلمانوں کے تحفظ اور سلامتی کیلئے دُعا کی ۔ حافظ محمد نظام الدین غوری کے شکریہ پر تقریب کا اختتام عمل میں آیا ۔