Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قرآن مجید کی ترجمے کے ساتھ کڑھائی

زمرد بی بی روزانہ 12گھنٹے آیات کی کڑھائی کرتی تھیں

ریاض ( ذکاء اللہ محسن) کراچی سے تعلق رکھنے والی31 سالہ خاتون زمرد بی بی نے قرآن پاک کو8 سال میں اردو ترجمے کے ساتھ کڑھائی کرکے سب کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ کورنگی کے علاقے بلال کالونی کی رہائشی زمرد بی بی دنیاوی تعلیم سے محروم رہیں۔ جوان ہوتے ہی ماں نے اُسے سوئی دھاگے پکڑا دئیے جو وقت کے ساتھ ساتھ اسکا شوق بنتا چلا گیا اور پھر اس نے عشق اور محبت کی ایک ایسی لازوال کہانی رقم کی کہ جس کی کہیں کوئی مثال نہیں ملتی۔ زمرد بی بی نے 8 سال میں سلمی ستارے اور رنگین دھاگوں کی مدد سے سفید کپڑے پر قرآن مجید کی کڑھائی کرنا شروع کی اور عربی حروف کے ساتھ ساتھ مولانا عبدالقادر دہلوی کا اردو ترجمہ بھی کڑھائی کیا۔ گھر والوں نے شروع میںاس کام کو مشکل اور ناممکن قرار دیا تاہم زمرد بی بی نے اس نیک کام کو دلجمعی کے ساتھ جاری رکھا۔ زمرد بی بی نے 230 میٹر سفید کپڑے پر سیاہ، سبزاور سنہری ریشمی دھاگے سے قرآن پاک کی کڑھائی کی جس میں 60 تولے ستارے اور 5 ہزار گز دھاگہ استعمال ہوا۔ہر سپارے کی جلد کیلئے کل 40 گز کپڑا بھی استعمال کیا۔ زمرد بی بی نے بتایا کہ وہ روزانہ 12سے 14گھنٹے کام کرتی تھی۔ اس کام کے دوران اسے دلی سکون ملتا۔ زمرد بی بی کی خواہش ہے کہ اس کی وفات کے بعد قرآن پاک کے اس نسخے کو مسجد حرم الحرام میں رکھا جائے۔

شیئر: