Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قطر عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہا ہے، عرب ممالک

ابوظبی..... انسداد دہشتگردی کے علمبردار ممالک متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، بحرین اور مصر نے واضح کیا ہے کہ قطر عالمی رائے عامہ کو گمراہ کررہا ہے۔ اقوام متحدہ میں متعین اماراتی سفیر عبید الزعابی نے چاروں ملکوں کی نمائندگی کرتے ہوئے انسانی حقوق کونسل کے سامنے قطری وزیر خارجہ کی لن ترانیوں کا جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امارات ، مملکت ، بحرین اور مصر قطری وزیر خارجہ کی جانب سے حقائق کو مسخ کرنے والے بیان کے مفصل جواب کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ قطر دہشتگردی و انتہا پسندی کی سرپرستی کررہا ہے۔ نفرت پھیلا رہا ہے۔ پڑوسی ممالک کے اندرونی امور میں مداخلت اور فتنے برپا کررہا ہے۔ اس کے برعکس قطری وزیر خارجہ کا دعویٰ ہے کہ قطر دہشتگردی کا دشمن ہے۔ انسانی حقوق کا علمبردار ہے۔ قطری وزیر کا یہ دعویٰ کہ وہ چاروں عرب ملکوں کیساتھ مکالمے کیلئے تیار ہے عالمی رائے عامہ کے سامنے اپنی تصویر بہتر بنانے کی کوشش کے سوا کچھ نہیں۔ قطر دہشتگردی کے افکار اور انتہا پسندانہ نظریات کی ترویج میں لگا ہوا ہے۔ مشرق وسطیٰ سے باہر کے برادر اور دوست ممالک قطر کی پالیسیوں سے اظہار لاتعلق کیلئے اس سے تعلقات منقطع کئے ہوئے ہیں۔ قطر تعلقات منقطع کرنے کو ناکہ بندی کا عنوان دیئے چلا جارہا ہے۔ایک طرف قطری وزیر خارجہ یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ عرب ملکوں نے اس کی ناکہ بندی کررکھی ہے۔ دوسری جانب قطری ادارے یہ کہتے نہیں تھک رہے ہیںکہ عرب ملکوں کے بائیکاٹ کا قطر پر کوئی اثر نہیں۔ قطری وزیر نے جو کچھ کہا اس سے یہ بات صاف ہوگئی کہ قطر بحران ختم کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتا۔

شیئر: