Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزارت دفاع کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے دو یمنی گرفتار

ریاض: سعودی سیکیورٹی اداروں نے وزارت دفاع کو دھماکہ سے اڑانے کی کوشش کرنے والے دو یمنی دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ دونوں کا تعلق شدت پسند تنظیم داعش سے ہے جبکہ ابتدائی تفتیش کے بعد ایک اور کارروائی کے دوران دو سعودی مشتبہ افراد گرفتار کرلئے ہیں۔ دوسری طرف سعودی سیکیورٹی اداروں نے گزشتہ عرصہ کے دوران متعدد شدت پسندو ں کو گرفتار کیا ہے جن کا تعلق بیرون ملک تنظیم اور اداروں سے ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ کے متعلق ادارے نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ایک گروہ گرفتار کیا ہے جن میں سعودی شہریوں سمیت غیرملکی بھی شامل ہیں۔ یہ لوگ ملکی یکجہتی اور استحکام کو نشانہ بنانے کی کوشش کر ر ہے تھے۔ گرفتار شدہ گروہ سے تفتیش جاری ہے جس کے نتائج کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ دریں اثناءاعلامیہ میں کہا گیا کہ سیکیورٹی اداروں نے وزارت دفاع کو خود کش حملے کا نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے ایک اور گروہ کو گرفتار کیاہے ۔ اس گروہ کے خلاف کی جانے والی سیکیورٹی کارروائی کی تفصیل یوں کہ اہلکاروں نے احمد یاسر الکلدی اور عمار علی محمد نامی دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔ دونوں یمنی شہری ہیں جن کے پاس جعلی شناختی دستاویزات تھے جن پر ان کا جعلی نام لکھا تھا۔ اسی اثناءمیں دو سعودی شہری بھی گرفتار کئے گئے جن کا دونوں یمنیوں سے تعلق کا سراغ لگایا جارہاہے۔ گرفتار شدگان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد پکڑا گیا ہے۔ دہشت گردوں کے پاس 7،7کلو کے دھماکہ خیز بیلٹ ، 9دستی بم اور آتشیں اسلحہ تھا۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے ریاض کے حی الرمال میں واقع استراحہ کا بھی انکشاف کیا ہے جسے دہشت گردوں نے ٹریننگ سینٹر بنارکھا تھا۔ مذکورہ کارروائی کی دیگر تفصیلات کا بعدازاں اعلان کیا جائے گا۔ 
 
 
 
 
 
 
 

شیئر: