سعودی لڑکی کے مسروقہ زیورات برآمد
ریاض.... قاہرہ میں بحر احمر کے سراغرسانوں نے سعودی خاندان میں کام کرنے والی اُس مصری ملازمہ کو گرفتار کرلیا جوسعودی لڑکی کے زیورات اور مختلف ممالک کے کرنسی نوٹ چوری کرکے غردقہ میں زیورات فروخت کرنے کی کوشش کررہی تھی۔تفصیلات کے مطابق الغردقہ کے سراغرسانوںکو گولڈ کا کاروبار کرنے والے ایک مصری شہری نے رپورٹ دی تھی کہ ایک لڑکی انتہائی قیمتی زیورات معمولی قیمت پر فروخت کرنے کیلئے اس کے یہاں پہنچی ہوئی ہے۔ مسروقہ زیورات کی قیمت کا تخمینہ 5لاکھ مصری پونڈ لگایا گیا۔ سراغرساں دکان پر پہنچے تو مصری لڑکی وہاں سے ٹیکسی پکڑ کر روانہ ہوچکی تھی۔ مصری افسران نے بالاخر اسے راستے میں پکڑ لیا۔ 19برس عمر ہے، مریم نام ہے۔ اس نے اعتراف کیا کہ زیورات قاہرہ کے مشہور محلے مصر جدیدة میں مقیم ایک 21سالہ سعودی لڑکی کے ہیں۔ اس نے اسی کے یہاں سے زیورات چوری کئے تھے۔