Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی فون ایکس کا متوالا

سڈنی ... آسٹریلیا میں آئی فون ایکس کا ایک ایسا جنونی بھی ہے جو گزشتہ 10دن سے ایپل اسٹور کے سامنے اپنا سارا کام دھندہ چھوڑ کر بیٹھ گیا ہے۔ وہ ایسا پہلا شخص بننا چاہتا ہے جو آئی فون ایکس خرید سکے۔واضح ہو کہ آسٹریلیا میں آئی فون ایکس 22ستمبر سے فروخت ہونا شروع ہوگا۔ مازن قریشی نے سڈنی میں ایپل اسٹور کے سامنے ڈیرہ ڈالے ہوئے ہے۔ اسکا کہناہے کہ اگرکوئی میری جگہ حاصل کرنا چاہتا ہے تو میں 50ہزار ڈالر میں بھی نہ بیچوں۔ اس نے اپنے 2دوستوں کی بھی مدد حاصل کی ہے اور کہا ہے کہ وہ جب کسی ضروری کام سے اپنی جگہ سے ہٹے تو دونوں پہرہ داری کریں۔مازن 20سالہ طالب علم ہے جو نیو ساﺅتھ ویلزیونیورسٹی میں سافٹ ویئر انجینیئرنگ کی تعلیم حاصل کررہا ہے۔ وہ ایپل کی خریداری کیلئے ماضی میں اسٹورز کے سامنے بیٹھتا رہا ہے۔ اس سال وہ چاہتا ہے کہ وہ دنیا کا ایسا پہلا شخص بن جائے جس نے سب سے پہلے آئی فون ایکس حاصل کیا ہو۔ اس نے کہا کہ گزشتہ سال ایپل کا نیا موبائل حاصل کرنیوالا میں تیسرا شخص تھا اور اس سے قبل 100واں شخص تھا۔ میںہر سال آگے ہی بڑھ رہا ہوں۔ اس نے کہا کہ میں یو ٹیوبر ہوں اور اپنے ناظرین کیلئے چھوٹے موٹے شوز یو ٹیوب پر کرتا رہتا ہوں۔ جس روز ایپل ایکس اس اسٹور میں آئیگامیںاس کے بنڈل کھولنے کا سارا واقعہ قلمبند کرکے اپنے موبائل سے اپنے دوستوں کو شیئر کرونگا۔ اس نے کہا کہ ایک شخص نے مجھ سے کہا تھا کہ 50ہزار ڈالر کے بدلے اسٹور کے سامنے اپنی جگہ اسے دیدوں۔ اسکا کہناتھا کہ گزشتہ شب بھی یہاں رہا تھا اور دونوں دوستوں کیساتھ بات چیت کرکے وقت گزارا۔ یہاں کوئی مسئلہ تو نہیں مگر سڑک پر ہونے والے تعمیراتی کام کی وجہ سے رات بھر جاگنا پڑتا ہے ۔ زیادہ سردی بھی نہیں لیکن اگر موسم تبدیل ہوا تو میں اپنا ساراسامان یہیں رکھ کر ایپل اسٹورمیں گھس جاﺅنگا یا پھر سامنے ریستوران چلا جاﺅنگا۔ اسکا کہناہے کہ مجھے یونیورسٹی میں اپنی کلاس بھی اٹینڈ کرنی ہے اسلئے اس امر کو یقینی بناتا ہوں کہ میرے دوست میری جگہ بنائے بیٹھیں۔ افواہ یہ ہے کہ نیا آئی فون ایکس ایک ہزار امریکی ڈالر میں فروخت ہوگا۔ قریشی نے اتنی زیادہ قیمت پر اعتراض کیا تاہم کہا کہ میں تو اسے ضرور خریدونگا۔میں اپنا پرانا فون فروخت کردونگا اور پھر باقی رقم ملا کر نیا سیٹ خریدونگا۔
 

شیئر: