Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین کلچرل سوسائٹی اور بزم عثمانیہ کے سووینیئر 2017 ءکی حیدرآباد میں تقریب

ہندوستانیوں کیلئے اہمیت کا حامل ہے، زاہد علیخان،آئین کا اہم جزو بنیادی حقوق ہیں ،جسٹس اسماعیل
جدہ ( امین انصاری ) انڈین کلچرل سوسائٹی اور بزم عثمانیہ کے بانی و صدر عارف قریشی کے مرتب کردہ ”سووینیئر 2017 “ کی تقریب رونمائی حیدرآباد میں میڈیا پلس آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی ۔ روزنامہ سیاست کے چیف ایڈیٹر نواب زاہد علی خان نے نقاب کشائی کی ۔ تقریب کے مہمان خصوصی ہیومن رائٹس کمیشن کے رکن جسٹس ای اسماعیل تھے جبکہ عثمانیہ یونیورسٹی حیدرآباد کے پروفیسر لا ءڈاکٹر احمد اللہ خان مہمان اعزازی تھے ۔ تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کرنے والوں میں فیضان ٹرسٹ کے سیکریٹری افتخار حسین اورہفتہ وار جریدہ گواہ کے چیف ایڈیٹر فاضل حسین پرویز شامل تھے ۔اس موقع پر زاہد علی خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سووینیئر ہم تمام ہندوستانیوں کےلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس میں ڈاکٹر بی آر امبیڈ کر کے تیار کردہ آئینِ ہند سے متعلق آرٹیکلز شامل ہیں۔ ہندوستانیوں کو یہ بات معلوم ہونی چاہئے کہ ان کے ملک کا آئین کیا ہے ، ہمارے حقوق کیا ہیں اور بطور ہندوستانی ہمارے کیا فرائض ہیں ۔ انہوں نے عارف قریشی کو ہندوستانیوں کیلئے انتہائی خوبصورت اور معلوماتی سووینیئر مرتب کرنے پر مبارکباد دی ۔ جسٹس ای اسماعیل نے تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ آئینِ ہند ،ہندوستان کا سپریم قانون ہے ۔ یہ دنیا کا طویل ترین آئین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا آئین ہندوستان کو ایک خوبصورت، خود مختار ، سوشلسٹ ، سیکولر ، جمہوری اور ری پبلک قرار دیتا ہے جو اپنے شہریوں کیلئے انصاف ، مساوات اور آزادی یقینی بناتا ہے ۔ ہمارے آئین کا اہم جز وبنیادی حقوق ہیں ۔اس سووینیئر کے مطالعہ سے ہمیں دستور میں ملنے والے حقوق سے آگہی ہوتی ہے ۔قانون کے پروفیسر ڈاکٹر احمد اللہ خان نے کہا کہ ہندوستان بڑا جمہوری ملک ہے ، ہمیں تقریر کی آزادی ، اظہار کی آزادی ، مختلف پیشے اپنانے کی آزادی نیز اپنے مذہب کی تعلیمات پر عمل کرنے اور ان کی اشاعت کرنے کی آزادی حاصل ہے ۔ آئین کا آرٹیکل 26ہمیں دینی معاملات منظم کرنے کی آزادی فراہم کرتا ہے تو دوسری جانب آئین کے آرٹیکل 29 اور 30 اقلیتوں کو انکی زبان ، انکی روایات ، اچھی تعلیم اور مذہبی آزادی فراہم کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا ہر شہری مختلف تحفظات ، سہولتوں ، مختلف مذاہب کا استحقاق رکھتا ہے جیسا کہ آئینِ ہند میں یقین دہانی کرائی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عارف قریشی نے آئین اور شہریوں کے حقوق پر انتہائی جامع اور معلوماتی سووینیئر کا اجراءکرکے اہم کام انجام دیا ہے ۔ عارف قریشی نے اس موقع پر ہندوستانی قونصل جنرل جدہ نور رحمان شیخ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے سووینیئر 2017کی تیاری میں تعاون کیا ۔انہوں نے کہا کہ انڈین کلچرل سوسائٹی و بزم عثمانیہ گزشہ کئی دہائیوں سے وطن سے دور سعودی عرب کے شہر جدہ میں جشن جمہوریہ و جشن آزادی¿ ہند کی تقاریب اور کلچرل پروگرام کا اہتمام کرتی آرہی ہے ۔ تقریب میں جدہ میں مقیم معزز تارکین وطن کی کثیر تعداد شرکت کرتی ہے جبکہ ہندوستانی قونصلیٹ کے تمام ذمہ داران بھی اس میں شرکت کرکے تقریب کو کامیاب بناتے ہیں ۔انہوں نے تقریب رونمائی میں شرکت کرنےوالے تمام مہمانان، معززین اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا ۔تقریب کی نظامت معروف شاعر عطیاب اعجاز نے کی ۔ 
 

شیئر: