حیدرآباد.... حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ و صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین بیرسٹر اسد الدین اویسی نے ہندوستانی مسلمانوں پر زور دیا کہ فرقہ پرستی کا مقابلہ کرنے کیلئے وہ متحد و منظم ہو جائیں۔ مجلس نے ہمیشہ جدوجہد کو اپنایا ہے۔ مجلس کی جدوجہد اور لڑائی حقوق اور انصاف کے حصول کیلئے رہی ہے۔ یہ کسی مذہب ، طبقہ یا فرقہ کیخلاف نہیں۔ چنچل گوڑہ جونیئر کالج گراؤنڈ پر ایک عظیم الشان جلسہ حالات حاضرہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ روہنگیا مسلمانوں پر وحشتناک مظالم اور ان کے قتل عام پر زبردست صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے اسد اویسی نے کہا کہ مرکزی حکومت پناہ گزینوں کو پناہ دینے کے بجائے اسے ہندومسلمان کا رنگ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ایران میں پارسیوں پر ظلم ہوا تو انہیں ہندوستان میں جگہ دی گئی۔ یہودیوں پر ظلم ہوا تو انہیں یہاں گلے لگایا گیا لیکن آج روہنگیا کے پناہ گزینوں کو واپس بھیجنے کی بات کی جا رہی ہے۔ صدر مجلس نے کہا کے امن کی باتیں کرنے والے اور انسانی حقوق کی دہائی دینے والے آج روہنگیا مسلمانوں کی حالت اور ان کے ساتھ ناروا سلوک پر کیوں خاموش ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ مجلس اتحادالمسلمین کی حب الوطنی ہر قسم کے شک و شبہ سے بالاتر ہے۔ یہ جماعت دستور کے دائرہ میں رہ کر ہی شہریوں کے حقوق کیلئے سرگرم عمل ہے۔