Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عوام نے پانامہ فیصلے پر فیصلہ سنا دیا،مریم نواز

لاہور...سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام نے نااہلی کے فیصلے پر فیصلہ سنا دیا ۔ شیروں کو فتح مبارک ہو۔ اللہ نے آپ کی ماں اور آپ کے لیڈر نواز شریف کو سرخرو کیا ہے۔ این اے120میں کامیابی کے بعد لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہ آج عوام نے پانا مہ فیصلے پر اپنا فیصلہ سنا دیا ۔ عوام نے نا انصافی پر مبنی عدالتی فیصلے کو رد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے شیروں نے اپنے لیڈر نواز شریف کو سرخرو کر دیا۔ مجھے لندن سے والد اور والدہ کا فون آیا ہے انہوں نے کہا کہ ہماری طرف سے بھی شیروں کا شکریہ ادا کرنا۔ انہوں نے کہا کہ اب مخالفین کے رونے کا وقت آگیا ہے، عوام کا فیصلہ یہ ہے کہ ہمارے وزیراعظم نوازشریف ہیں۔انہوںنے کہا کہ این اے 120 میں عوام نے ثابت کیا کہ وہ نواز شریف سے محبت کرتے ہیں۔ آج لاہور کے عوام نے بہت بڑا کام کر دیا کیوں کہ اس میدان میں ایک جانب (ن) لیگ اکیلی کھڑی تھی دوسری جانب وہ قوتیں تھیں جو بار بار منتخب وزیراعظم پر وار کرتی ہیں۔ آج آپ نے ان سے مقابلہ کیا ہے جو نظر بھی نہیں آتے۔ آج ان سب کی ناکامی ہوئی ہے جنہوں نے نواز شریف کو گھیر رکھا تھا۔عوام نے ثابت کردیا کہ اس ملک میں عوام کی حکمرانی چلے گی۔ عوام نے نوازشریف کے خلاف تمام سازشوں کو مسترد کردیا۔آج روکنے کی بہت کوشش ہوئی۔ پولنگ اسٹیشن پر شیر کے ووٹروں کو کہا گیا کہ تمہارا یہاں ووٹ نہیں۔ ہمارے کئی مقامی عہدیداروں کو اٹھایا گیا اورنامعلوم نمبروں سے فون کئے گئے۔قبل ازیں ٹوئٹر پر مریم نواز نے کہا کہ این اے 120 کے معرکے میں مسلم لیگ (ن) کا مقابلہ دیگر تمام قوتوں سے تھا۔ الیکشن جیتنے پر اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتی ہوں انہوں نے ”چوتھی واری فیر شیر“ کا نعرہ بھی لگایا۔مریم نواز نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں وہ اور دیگر (ن) لیگی رہنما ٹی وی پر انتخابی نتائج دیکھ رہے ہیں کلثوم نواز کی برتری پر جشن منایا جا رہا ہے جبکہ پرجوش کارکن ”وزیراعظم نواز شریف“ کے نعرے لگا رہے ہیں۔

شیئر: