Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں فرنیچر فیکٹری کی چھت سے طیارہ ٹکرانے سے دو افراد ہلاک، 18 زخمی

حادثے میں زخمی 11 افراد کو مقامی ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ (فوٹو: اے پی)
امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک چھوٹا طیارہ فرنیچر کے کارخانے کی چھت سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم دو افراد ہلاک اور 18 زخمی ہو گئے۔
سی این این کے مطابق حادثے کے وقت فرنیچر کے کارخانے میں کم سے کم 200 افراد کام کر رہے تھے۔
ہلاک ہونے والے افراد کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ طیارے میں تھے، جبکہ زخمی افراد کارخانے کے ملازمین ہیں۔
یہ حادثہ لاس اینجلس سے 40 کلومیٹر جنوب مشرق میں فُلرٹن میونسپل ایئرپورٹ کے قریب پیش آیا۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ طیارے کو حادثہ کیسے پیش آیا۔
فُلرٹن پولیس نے ایکس پر ایک پوسٹ میں دو ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔
فُلرٹن پولیس کے مطابق حکام کی جانب سے قریبی رشتہ داروں سے رابطہ کرنے کے بعد ہلاک ہونے والوں کی شناخت کی جائے گی۔
11 افراد کو مقامی ہسپتال میں داخل کرایا گیا اور آٹھ دیگر کا جائے وقوعہ پر علاج کیا گیا۔
ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ اویئر کے مطابق فُلرٹن میونسپل ایئرپورٹ سے ٹیک کے آف کے دو منٹ سے بھی کم وقت میں طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔
ایئرپورٹ آپریشنز کے ایک اہلکار کرِس ولالوبوس نے بتایا کہ ’طیارے کے مالک کے پاس ایئرپورٹ پر ایک ہینگر ہے۔ اور ان کا طیارہ باقاعدگی سے اڑان بھرتا تھا۔‘
طیارے کے  گرنے سے عمارت کی چھت میں ایک سوراخ ہوا، جس سے دھواں نکل رہا تھا۔
ایک عینی شاہد جیروم کروز نے سی بی ایس نیوز کو بتایا کہ ’ہم نے ایک زوردار آواز تھی، اور بس پھر ہم عمارت سے بھاگنے لگے۔‘
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق یہ سنگل انجن وین طیارہ تھا، یہ ایک چھوٹا طیارہ ہوتا ہے جس میں چار سیٹیں ہوتی ہیں۔
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
نومبر میں فُلرٹن ایئرپورٹ کے قریب ایک اور حادثے میں دو افراد زخمی ہوئے تھے۔

شیئر: