ہماری افواج نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کا بڑی جرات اور دلیری سے مقابلہ کیا
جی ایس ایوب۔ جازان
6ستمبر کے موقع پر پاک افواج سے اظہار یکجہتی کےلئے سعودی عرب کے تاریخی شہر جازان میں ایک تقریب زیر صدارت محمد افضل منعقد کی گئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی نصیر خان شیروانی تھے۔
معروف سماجی شخصیت امیر خان شیروانی نے تقریب کے میزبان محمد افضل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں 6ستمبر کے شہیدوں کو سلام پیش کرتاہوں۔ آج کے دن ہماری تاریخ کا اہم دن ہے ،جس دن ہماری فوج کے شانہ بشانہ عوام نے بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔ دشمن نے رات کے اندھیرے میں اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کیلئے پاکستان پر حملہ کردیا۔ ہماری افواج نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کا بڑی جرات اور دلیری سے مقابلہ کیا۔ ہمارے جوان اپنے جسموں سے بم باندھ کر دشمن کے ٹینکوں کے آگے لیٹ گئے ۔ ایمانی جذبے سے سرشار پاک فوج نے بھرپور مقابلہ کیا جسکی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔ آئیے سب مل کر ان شہداءکو سلام پیش کریں۔ ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے۔
تقریب کے مہمان خصوصی نصیر خان شیروانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 6ستمبر 1965ءکو ہماری فوج نے ایک تاریخ رقم کی اوروطن سے محبت کی مثال قائم کردی۔ یہی وجہ ہے کہ پاک فوج پاکستانی عوام کے دلوں پر راج کرتی ہے۔ وطن میں ہر ناگہانی آفت سیلاب ہو یا زلزلہ پاک فوج ہر جگہ موجود رہتی ہے۔ ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے ہماری پاک فضائیہ نے بھی عظیم قربانیاں دی ہیں۔ پاکستانی عوام پاک فوج کے ساتھ ہے، اگر تاریخ پھر دہرائی گئی تو عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔
تقریب کے میزبان محمد افضل نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔ 6ستمبر کے شہداءکو سلام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں امن و سلامتی اور استحکام کےلئے پاک فوج کی قربانیاں بے مثال ہیں۔ ملک میں دہشتگردی کے خاتمے کےلئے پاک ا فواج اپنی جانوں کا نذرانہ دے رہے ہیں۔ ہم پاک فوج کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔
تقریب میں اعجاز شیروانی ، محمد افضال، طارق محمود، آغا شیراز، عاطف غوری، شعیب علی، محمد عمران، محمد مرتضیٰ اور دیگر نے شرکت کی۔