نشان حیدرہاکی ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا اور ارجنٹائن کے کھلاڑی شریک
کراچی:پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے فوری بعد ہاکی کے بین الاقوامی کھلاڑی پاکستان آنے کےلئے تیار ہوگئے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پاکستان آرمی کی جانب سے 11ٹیموں پر مشتمل نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ منعقد کیا جا رہا ہے ۔اس کا آغاز 4 اکتوبر سے ہوگا۔ ٹورنامنٹ عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔پی ایچ ایف کے اس ٹورنامنٹ کا نام پاکستان کے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشان حیدر پر رکھا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے نام نشان حیدر پانے والے شہداءکے نام پر رکھے گئے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں شرکت کےلئے آسٹریلیا کے میکس ویل، جیمز ہیوز، جوشوا بلیز،میک کیلر، جوسلنگ سائمن کینتھ، ڈیوڈ آرتھر، زیکرے ایڈورڈ، بروٹن برکیلے، فلیمنگ میتھیو اور ہولمن نکولس جیمز جبکہ ارجنٹائن کے کھلاڑیوں میں مارکس گونزالو مارٹن، ماریرو ویریا جواکن، جون اگنیشیو اور بسو ایمیلیانو شامل ہیں۔کراچی میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی مکمل حفاظت کےلئے سندھ رینجرز کی جانب سے سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ ڈی جی سندھ رینجرز نے بھی پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہان کرادی۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پی ایچ ایف بھی ہاکی کے بین الاقوامی کھلاڑیوں کو پاکستان لانے میں کامیاب ہوگئی۔