کراچی... سندھ ہائیکورٹ نے نیشنل بینک کے سابق صدر علی رضا سمیت 7 ملزمان کی عبوری ضمانت منسوخ کرتے ہوئے قومی احتساب بیورو کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔نیب نے عدالت حکم پر نیشنل بینک کے سابق صدر علی رضا کو احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا ۔نیب حکام نے دوران سماعت عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے قومی خزانے کو 18 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا نقصان پہنچایا۔ ریفرنس میں سابق صدر نیشنل بینک علی رضا سمیت 16 ملزمان نامزد ہیں۔نیب حکام نے بتایاکہ ملزمان نے اختیارات کے ناجائز استعمال اور قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر ضروری قرضے دیئے ۔ نیشنل بینک آف پاکستان کی بنگلہ دیش کی مختلف شاخوں میں فراڈ کیا گیا۔سندھ ہائیکورٹ نے نیب حکام کا موقف سننے کے بعد سابق صدر نیشنل بینک علی رضا سمیت 7 ملزمان کی عبوری ضمانت منسوخ کرکے نیب کو فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ سابق صدر نیشنل بینک علی رضا و دیگر نے سندھ ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت حاصل کررکھی تھی۔