فیفا ورلڈ کپ 2034: سعودی ایئرپورٹس پر مسافروں کی گنجائش بڑھائی جائے گی
ریاض، جدہ، الخبر، نیوم اور ابہا میں میچوں کا انعقاد کیا جائے گا (فوٹو: ایس پی اے)
فیفا ورلڈ کپ 2034 فٹبال کی تاریخ کا سب سے بڑا ایونٹ ہوگا جس میں 48 ٹیمیں شرکت کریں گی۔
سعودی عرب کے پانچ شہریوں ریاض، جدہ، الخبر، نیوم اور ابہا میں ایونٹ کے میچوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
مملکت کے وہ پانچ شہر جو ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کے لیے مخصوص کیے گئے ہیں ان کے ایئرپورٹس پر 240 ملین مسافروں کی گنجائش ہے۔
سبق نیوز کے مطابق ریاض ایئرپورٹ پر اس وقت 23 ملین مسافروں کی گنجائش ہے جس میں اضافے کے بعد یہ تعداد 100 ملین تک پہنچ جائے گی جبکہ جدہ ایئرپورٹ کی گنجائش 43 ملین ہے جو 90 ملین تک بڑھا دی جائے گی۔
دمام میں 11 ملین مسافر آسکتے ہیں جس میں اضافے کے بعد اس ایئرپورٹ کی گنجائش 20 ملین تک ہوگی۔
ابھا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی حالیہ گنجائش 3.9 ملین ہے جو بڑھ کر 10 ملین تک ہو جائے گی جبکہ نیوم ایئرپورٹ کی گنجائش 20 ملین مسافروں کی ہے۔
واضح رہے انٹرنیشنل فیڈریشن آف ایسوسی ایشن فٹبال ( فیفا) کے زیورخ میں ہونے والے غیرمعمولی جنرل اسمبلی اجلاس میں ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے سعودی عرب کے نام کی تصدیق کی گئی۔
علاوہ ازیں جدہ اور دیگر ایئرپورٹس پر ورلڈ کپ کی میزبانی ملنے کا جشن منایا گیا۔ جدہ ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون پر ورلڈ کپ کا ایک ماڈل بھی نصب کیا گیا ہے۔