ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ’ورلڈ کپ 2034 سپریم میزبان کمیشن‘ قائم کر دیا
جمعرات 12 دسمبر 2024 0:00
اتھارٹی ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کے لیے تمام ترانتظامات کرے گی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے سپریم کمیشن فار ہوسٹنگ دی 2034 ورلڈ کپ‘ کے قیام کا اعلان کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق بدھ 11 دسمبر کو فیفا کی جانب سے ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کا باقاعدہ اعلان ہونے کے بعد ولی عہد کی جانب سے سپریم میزبان کمیشن قائم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
سپریم میزبان کمیشن میں وزیر سپورٹس شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی، وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف، وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان، وزیرمملکت اور رکن شوری محمد آل الشیخ ، وزیر بلدیات وہاوسنگ ماجد الحقیل، وزیر خزانہ محمد الجدعان، وزیر اتصالات انجینیئرعبداللہ بن عامر السواحہ، وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود انجینیئر احمد الراجحی، وزیرٹرانسپورٹ و لاجسٹک سروسز انجینیئر صالح الجاسر، وزیر سیاحت احمد الخطیب ، وزیر صحت انجینیئر فہد الجلاجل ، وزیر مملکت انجینیئر ابراہیم السطان، تفریحی کمیٹی کے سربراہ ترکی آل الشیخ کے علاوہ دیگر اعلٰی عہدیدار شامل ہیں۔
سپریم میزبان کمیشن ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کے لیے تمام ترانتظامات کرے گی اور اپنے لائحہ عمل کے بارے میں اعلی قیادت سے رابطے میں رہے گی۔
یاد رہے کہ انٹرنیشنل فیڈریشن آف ایسوسی ایشن فٹ بال ( فیفا) کے زیورخ میں ہونے والے غیرمعمولی جنرل اسمبلی اجلاس میں ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے سعودی عرب کے نام کی تصدیق کی گئی۔
ریاض میں درعیہ اور بلیوارڈ سٹی میں ورلڈ کپ کی میزبانی کا اعلان سننے کے لیے بڑی سکرینیں نصب کی گئی تھیں، جہاں ہزاروں افراد اس تاریخی لمحے کے منتظر رہے اور جشن منایا۔
سعودی عرب میزبانی کے اعلان کے تاریخی لمحے کا منتظر تھا اور دنیا کے سب سے بڑے فٹ بال ایونٹ کی میزبانی کرنے کے لیے تیار ہے۔